جنوبی وزیرستان وانا کے ڈاکٹروں کا احتجاج چھٹے روز میں داخل،حکومت کو مغوی ڈاکٹر نورحنان کی بازیابی کیلئے 24 گھنٹے کی ڈیڈلائن دیدی

منگل 17 ستمبر 2019 17:32

وانا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 ستمبر2019ء) جنوبی وزیرستان وانا کے ڈاکٹروں کا احتجاج چھٹے روز میں داخل ہو گیا،حکومت کو مغوی ڈاکٹر نورحنان کی بازیابی کیلئے 24 گھنٹے کی ڈیڈلائن دیدی،ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ اگر نورحنان 24 گھنٹوں میں بازیاب نہ کرایا گیااور ڈاکٹروں کے تحفظ کیلئے ٹھوس اقدامات نہ اٹھائے گئے،تو کل سے ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا کی ایمرجنسی بند کردی جائے گی،اور ڈاکٹروں کی احتجاجی کڑی کو پورے صوبہ خیبر پختونخواہ تک پھیلا دیا جائیگا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ جنوبی وزیرستان کے ضلعی ہیڈکوارٹر وانا میں 11 ستمبر کو دن دیہاڑے نامعلوم مسلح افراد نے ٹی،بی،ہسپتال وانا کے انچارج ڈاکٹر نورحنان کواپنے سرکاری آفس سے اٹھاکر اغواء کرلیا،6 دن گزر جانے اور انتظامیہ و دیگر اداروں کی بارہا کوششوں کے باوجود تاحال مغوی ڈاکٹر کا کوئی سراغ نہ مل سکا،ڈاکٹر نورحنان وزیر کی اپنے دفتر سے اغواء کے بعد جنوبی وزیرستان کے تمام ڈاکٹروں اورپیرامیڈیکل اسٹاف نے ان کی بازیابی اور محکمہ ہیلتھ کے تمام ایمپلائز کو تحفظ دینے کیلئے احتجاج پر چلے گئے ہیں،وانا میں تمام سرکاری و نجی ہسپتال پچھلے 6 دن سے بند کردئے گئے ہیں،ڈاکٹروں نے مطالبہ کیا ہے کہ جب تک ڈاکٹر نورحنان کو بازیاب نہیں کیا جاتا،اورہیلتھ ایمپلائز کو تحفظ فراہم نہیں کیا جاتا،یہ احتجاج جاری رہے گا،منگل کو ہڑتال کے چھٹے دن ڈسٹرکٹ ہسپتال وانا سے ڈاکٹروں اور دیگر ہیلتھ ایمپلائز نے مل کر ایک احتجاجی مارچ کیا،جوکہ بائی پاس سے ہوتی ہوئی وانا بازار میں داخل ہوئی،رستم بازار وانا میں عام لوگ بھی اس احتجاج کا حصہ بنے،جو وانا بازار سے ہوتی ہوئی سکاوٹس کیمپ وانا کے فرنٹ میں دھرنے کی شکل اختیار کرلی،مظاہرین نے پوسٹرز اور بینرز اٹھارکھے تھے جن پہ درج تھا،کہ ڈاکٹر نورحنان کو بازیاب کرو،ڈاکٹروں اور ہیلتھ ایمپلائز کو تحفظ دو،ایک گھنٹہ دھرنا کے بعد ڈاکٹروں کی ایک نمائندہ وفد وانا پریس کلب پہنچی،جہاں پر ڈاکٹر عبیداللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا،کہ افسوس کا مقام ہے،کہ 6 دن گذر جانے کے باوجود ہمارے مغوی ڈاکٹر نورحنان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا،اور نہ ڈاکٹروں اوردیگرہیلتھ ایمپلائز کے تحفظ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھائے گئے،انہوں نے حکومت کو 24 گھنٹے کا ڈیڈ لائن دیتے ہوئے کہا،کہ اگلے 24 گھنٹوں میں اگر نورحنان کو بازیاب اور ڈاکٹرز اوردیگر ہیلتھ ایمپلائز کے تحفظ کیلئے ٹھوس اقدامات نہ کئے گئے،تو ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا کے ایمرجنسی کو تالے لگ جائیں گے اور ہڑتال کو پورے صوبے تک پھیلا دیا جائے گا،انہوں نے کہا،کہ ہمارے ساتھ صرف اسیسٹنٹ کمشنر وانا نے ہمدردی ظاہر کی ہے،باقی تمام اداروں کے آفیسر ز اس واقعہ پر خاموش ہے،انہوں نے منتخب نمائندوں کی خاموشی پر بھی تنقید کی،ڈاکٹرگلزار نے وزیراعلی خیبرپختونخواہ، ڈی،جی آئی ایس پی آر آرمی چیف جنرل جاویدقمرباجوہ اور وزیراعظم پاکستان عمران خان سے اپیل کی،کہ خداراہ ہمارے مغوی ڈاکٹر نورحنان کی بازیابی اور ہیلتھ کے تمام ایمپلائز کی تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔

جنوبی وزیرستان‎ میں شائع ہونے والی مزید خبریں