بلاول بھٹو 26مارچ کو کراچی سے ٹرین مارچ کا آغاز کریں گے، خورشید شاہ

اٹھارہویں ترمیم کی حفاظت کے لیے قانون کےدائرے میں رہ کر جو بھی کر سکتے ہیں کریں گے، بلاول بھٹو زرداری

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ ہفتہ 23 مارچ 2019 20:55

بلاول بھٹو 26مارچ کو کراچی سے ٹرین مارچ کا آغاز کریں گے، خورشید شاہ
سکھر(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔23مارچ2019ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے بتایا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری 26مارچ کو کرچی سے ٹرین مارچ کا آغاز کریں گے۔ انکا کہنا تھا کہ یہ مارچ اٹھارہویں ترمیم کی حفاظت کے لیے ہے اور ہم اس کے لیے گلی گلی جا کر احتجاج کریں گے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ ابھی بھی جیالے ملک کی حفاظت کے لیے نکلیں گے، ہم نے عوام کی حکمرانی کے لیے جیلیں کاٹی ہیں ، پیپلز پارٹی نے کبھی بھی اقتدار کی سیاست نہیں کی۔

پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ موجودہ حکمران ناکامیوں کو چھپانے کے لیے عوام پر ٹیکس پر ٹیکس لگا رہے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی نے عوام پر کبھی اضافی بوجھ نہیں ڈالا تھا، پیپلز پارٹی نے نہ گیس کی قیمت میں اضافہ کیا نہ کبھی بجلی مہنگی کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ اٹھارہویں ترمیم کی حفاظت کے لیے بلاول بھٹو زرداری 26مارچ کو کراچی سے ٹرین مارچ کا آغاز کر رہے ہیں یہ ٹرین سندھ کے کئی شہروں سے گزرے گی جس میں پیپلز پارٹی کے سربراہ عوام سے خطاب کریں گے۔

دوسری جانب بلوال بھٹو نے کہا ہے کہ اٹھارہویں ترمیم کو بچانے کے لیے قانون کے دائرے میں رہ کر جو کچھ کر سکے وہ کریں گے۔ یاد رہے کہ بلاول بھٹو زرداری اور انکے والد سابق صدر آصف علی زرداری پر نیب میں کئی کیسز چل رہے ہیں جن میں جعلی بنک اکاؤنٹس کے کیسز بھی شامل ہیں۔  بلاول بھٹو پر بھی جعلی بینک اکؤنٹ رکھنے کا الزام ہے اور وہ نیب میں پیش بھی ہو چکے ہیں۔

آصف علی زرداری پر کرپشن اور منی لانڈرنگ کے کئی مقدمات چل رہے ہیں جن میں ابھی تاحال عبوری ضمانت ملی ہوئی ہے لیکن ان کے کئی ساتھی گرفتار کیے جا چکے ہیں۔ امکان ہے کہ جلد آصف علی زرداری کو بھی گرفتار کیا جائے گا اس لیے بھی بلاول یہ احتجاجی مہم شروع کر رہے ہیں۔ اس سے پہلے بلاول حکومت پر کئی سنگین الزامات بھی لگا چکے ہیں جن میں کلعدم تنظیموں کے رہنماؤں کو حفاظتی تحویل میں لینے کا الزام بھی شامل ہے جس پر بھارتی میڈیا نے کہا تھا کہ بلاول بھارت کا موقف پیش کر رہے ہیں۔

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں