وفاقی وزیرداخلہ کا سکھر میں 12سال بعد بھی پاسپورٹ آفس کی عمارت مکمل نہ ہونے پر برہمی کا اظہار

سندھ میں بے امنی سے متعلق صورتِ حال دیکھنے آیا ہوں، کشمور، گھوٹکی اور شکارپور میں امن قائم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے،محسن نقوی

منگل 30 اپریل 2024 17:25

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سکھر شہر میں 12سال بعد بھی پاسپورٹ آفس کی عمارت کی تکمیل نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے پاسپورٹ آفس کی عمارت کو 6 ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دیدیااور کہ سکھرشہر کے اندر اور روہڑی میں 3ماہ کے اندر 2نئے نادرا دفاتر بنائے جائیں گے،سندھ میں بے امنی سے متعلق صورتِ حال دیکھنے آیا ہوں، کشمور، گھوٹکی اور شکارپور میں امن قائم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کریں گے۔

وہ منگل کو پاسپورٹ آفس اور نادرا سنٹر سکھر کے دورے کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کر رہے تھے ۔وفاقی سیکرٹری داخلہ آغا خرم بھی ان کے ہمراہ تھے ۔وفاقی وزیر محسن نقوی نے کہا کہ پاسپورٹ آفس اس ابتر عمارت میں کسی طرح قابل قبول نہیں،شہریوں کی سہولت کیلئے پاسپورٹ آفس شہر کے مرکز میں ہونا چاہئے۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیرداخلہ نے اس موقع پر پاسپورٹ آفس موجود شہریوں سے ملاقات کی اور مسائل پوچھے۔

پاسپورٹ بنوانے کے لیے آئی خواتین سے بھی گفتگو کی ۔ ایک خاتون نے بتایا کہ وہ پاسپورٹ بنوانے پنو عاقل سے آئی ہیں ، ان سے یہاں کسی نے پیسے نہیں لئے ۔ ایک نوجوان نے بتایا کہ وہ روس جانے کے لیے پاسپورٹ بنوا رہا ہے۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی پاسپورٹ آفس کے بعد سبزی منڈی کے قریب نادراسنٹر پہنچ گئے۔شہر سے دورنادرا سنٹر میںرش،خواتین ، بزرگ اور معذوروں کو 3،3گھنٹے انتظارکا سامنا تھا ۔

چئیرمین ضلع کونسل سید کمیل حیدر شاہ نے نادرا دفاتر کے لئے سکھر شہر اور روہڑی میں اراضی دینے کا اعلان کیا ۔ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے چئیرمین ضلع کونسل سکھر کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سکھر شہر کے اندر اور روہڑی میں 2 سے 3 ماہ کے اندر دفتر مکمل کرائیں گے۔خواتین نے تاخیر اور انتظار کی شکایات کیں۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے عملے کو انتظار کے حوالے سے شکایات کے ازالے کا حکم دیا ۔انہوں نے کہا کہ صدرِ مملکت نے بھی سندھ کے بعض اضلاع میں بے امنی سے متعلق تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :

سکھر میں شائع ہونے والی مزید خبریں