عشرہ محرم الحرام 2021کے دوران ضلع بھر میں امن و امان کو قائم رکھنے سمیت دیگر انتظامات کئے جائیں، ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہیار

جمعرات 29 جولائی 2021 22:46

ٹنڈوالہ یار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 جولائی2021ء) ڈپٹی کمشنر ٹنڈوالہیارولی محمد بلوچ نے ضلع بھر کے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ عشرہ محرم الحرام 2021کے دوران ضلع بھر میں امن و امان کو قائم رکھنے، صفائی ستھرائی، پینے کے صاف پانی کی فراہمی سمیت ماتمی جلوسوں کی گذرگاہوں اور مجالس کے دوران اسٹریٹ لائٹس و دیگر انتظامات کو یقینی بنائیں تاکہ عوام خاص طور پر عزاداروں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے جبکہ سندھ حکومت کی جانب سے کرونا وائرس سے بچا کیلئے بنائی گئی ایس او پیز پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے تمام مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علما اکرام سے اپیل کی کہ وہ عشرہ محرم الحرام کے دوران آپس میں بھائی چارہ، ایثار، رواداری اور تحمل کا مظاہرہ کریں اور جلسے و جلوسوں کے دوران شرپسندوں پر کڑی نظر رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کو فوری طور پر قابو میں لایا جاسکے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈپٹی کمشنر آفیس ٹنڈوالہ یار کے کانفرنس ہال میں عشرہ محرام الحرام کے سلسلے میں انتظامات کا جائزہ لینے کے متعلق ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں ایس ایس پی ٹنڈوالہیار رخسار احمد کھاوڑ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون ٹنڈوالہیار عبدالحفیظ لغاری،ڈی ایس آر پاکستان رینجرزخضر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرٹو ٹنڈوالہیار اختر علی شیخ،ڈی ایس پی سٹی ٹنڈوالہیار سید عرفان علی شاہ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ٹنڈوالہیار ڈاکٹر لچھمن داس، تینوں تعلقوں ٹنڈوالہیار، چمبڑ اور جھنڈومری کے اسسٹنٹ کمشنر،محکمہ صحت، حیسکو، بلدیات و متعلقہ محکموں کے ضلعی افسران کے علاوہ تمام مکاتب فکرسے تعلق رکھنے والے علما اکرام نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر ولی محمد بلوچ نے محکمہ صحت کے افسران کو ہدایت کی کہ ماتمی جلوسوں کے دوران ڈ اکٹر ز، ایمبولینس او ر ادویات کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے۔انہوں نے حیسکوٹنڈوالہیار کے افسران کو خاص ہدایت کی کہ عشرہ محرم الحرام کے دوران رات کے اوقات میں بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور لوڈشیڈنگ کا شیڈول ترتیب دیا جائے۔ اجلاس میں ایس ایس پی ٹنڈوالہیار رخسار احمد کھاوڑ نے بتایا کہ عشرہ محرام الحرام کے دوران ضلع بھر میں امن وامان بحال رکھنے کیلئے فول پروف سیکیورٹی پلان تیار کیاگیاہے۔

اس ضمن میں جلسے وجلوسوں میں پولیس کے جوان تعینات کئے جائینگے۔ انہوں نے علما اکرام سے اپیل کی کہ اس عشرہ محرم الحرام میں مجالس اور جلوسوں کے دے گئے اوقات پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں اور انہوں نے ضلع کی عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ اس عشرہ محرم الحرام میں کروناوائرس کے پھیلا اور اس سے بچا کیلئے حکومت کی جانب سے بنائی گئی ایس اوپیز پر عمل کرنے میں ضلعی انتظامیہ سے تعاون کریں اور شرپسند عناصر پر بھی کڑی نظر رکھیں۔اس موقع پر تمام علمااکرام نے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عشرہ محرم الحرام کے دوران کئے جانے والے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور اپنی جانب سے بھی ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔

ٹنڈو الہ یار میں شائع ہونے والی مزید خبریں