پیپلزپارٹی کا منشور”مانگ رہا ہے ہر انسان ، روٹی کپڑا اور مکان“ ہی ہوگا

میری مخالفت غربت، بےروزگاری اور مہنگائی سے ہے، 8 فروری کو باہر نکلیں اور تیر کو جتوائیں۔ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 13 نومبر 2023 18:07

پیپلزپارٹی کا منشور”مانگ رہا ہے ہر انسان ، روٹی کپڑا اور مکان“ ہی ہوگا
تھرپارکر(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 نومبر 2023ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کا منشور”مانگ رہا ہے ہر انسان ، روٹی کپڑا اور مکان“ ہے، میری مخالفت غربت،بے روزگاری اور مہنگائی سے ہے، 8فروری کو باہر نکلیں اور تیر کو جتوائیں۔ انہوں نے مٹھی میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تھر کے بہن بھائیوں کو دیوالی مبارک ہو، کچھ ایسی قوتیں ہیں جو تقسیم اور نفرت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، شہید بے نظیر بھٹو نے برابری کی سیاست سکھائی ہے، پیپلزپارٹی نے ہمیشہ تقسیم اور نفرت کی سیاست کو رد کیا، ہم رنگ ونسل اور مذہب کے حساب سے کسی فرق پر یقین نہیں رکھتے۔

اس کا بڑا ثبوت تھر کے عوام ہیں۔ ملکی تاریخ کا سب سے نوجوان وزیرخارجہ بنا، میں جہاں بھی جاتا تھرپاکر کا ذکر کرتا تھا، پاکستان کے بارے میں ایک غلط فہمی بین الاقوامی میڈیا میں موجود ہے اس کا جواب میرے تھرپارکر کے عوام ہیں، میں جب آپ نمائندگی کرنے بھارت پہنچا تو وہاں بھی تھرپارکر یاد آیا۔

(جاری ہے)

اس لئے وہاں جو مودی سرکار کی حکومت ہے، مودی سرکار پارلیمان اور اس کی جماعت بھارت کی کسی بھی اقلیت کی نمائندہ نہیں، وہاں پارلیمان، جماعت یا کہیں بھی اقلیتوں کی نمائندگی نہیں، بھارت جاکر مہیش ملانی کا ذکر کرتا تھا، پیپلزپارٹی نے تاریخ رقم کی کہ مہیش ملانی پاکستان میں جنرل سیٹ پر منتخب ہوا تھا۔

بھارت کی سرزمین پر میں نے سوال کیا کہ مودی جی مجھے دکھائیں کہ اپنے پارلیمان میں یا کسی جنرل اسمبلی کی سیٹ پر کسی اقلیت کو نمائندگی دی ہو؟ پاکستان کو ایک انتہا پسند ممالک کی طرح پیش کرنے کی کوشش کرتے ہیں ، پاکستان کے خلاف سازش کرتے ہیں اور کردار کشی کرتے ہیں ان کا جواب تھرپارکر کے عوام ہیں۔ ابھی الیکشن شیڈول جاری نہیں کیا مگر جس جوش وجذبے کے ساتھ عوام موجود ہیں ،ابھی تو انتخابی مہم بھی شروع نہیں کی لیکن مٹھی کے عوام نے فیصلہ سنا دیا۔

8فروری کو الیکشن کا دن ہوگا، اس دن تھرپارکر کے بھائی بہنیں اسی جوش وجذبے کے ساتھ نکلیں گے تو پیپلزپارٹی اور تیر کی جیت ہوگی، لوگ ہم سے پوچھتے ہیں کہ پیپلزپارٹی کا منشور کیا ہے، پیپلزپارٹی کا منشور قائد عوام کا دیا ہوا منشور اور بنیادی اصول ہیں، اسلام ہمارا دین، جمہوریت ہماری سیاست ، مساوات ہمارا معیشت اور طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ ہمارا نعرہ وہی ہے جو قائد عوام کا نعرہ تھا، روٹی کپڑا مکان ، 70ء اور 90ء کی دہائی سے زیادہ اس نعرے کی آج ضرورت ہے، مانگ رہا ہے انسان ، روٹی کپڑا اور مکان ۔ جب تک مہنگائی ہے یہی پیپلزپارٹی کا نعرہ اور منشور رہے گا۔ میری مخالفت غربت،بے روزگاری اور مہنگائی سے ہے۔

تھرپارکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں