نوازشریف کٹھ پتلی حکومت بناکر عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنا چاہتے ہیں ، بلاول بھٹو

ہفتہ 3 فروری 2024 22:40

نوازشریف کٹھ پتلی حکومت بناکر عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنا چاہتے ہیں ، بلاول بھٹو
تھرپارکر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 فروری2024ء) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف کٹھ پتلی حکومت بناکر عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنا چاہتے ہیں، شیر والوں نے سندھ کے معدنی پہاڑی علاقے کارونجھر کی طرف ہاتھ بڑھایا تو کاٹ دیں گے۔تفصیلات کے مطابق چھاچھرو تھر پارکر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ باقی سیاست دان دوسروں کی طرف دیکھ رہے ہیں، واحد لیڈر ہوں جو عوام سے ووٹ مانگ رہا ہے، میرے ساتھ کوئی اور نہیں صرف عوام کھڑے ہیں، مجھے حکومت ملی تو غریب عوام کیلئے 30لاکھ گھر بنا کر دوں گا، آپ کی آمدنی دوگنی کر کے دکھائوں گا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے معاشی فائدے، روزگار کیلئے تھرکول منصوبہ شروع کیا تھا، ایک شخص خود کو چوتھی بار مسلط کرنے کی کوشش کررہا ہے، وہ شخص غلط بیانی کررہا ہے کہ تھرکول کا منصوبہ اس نے دیا، اگر تھرکول کا منصوبہ نواز شریف کا ہوتا تو آج میں نہیں وہ یہاں جلسہ کررہے ہوتے، 8فروری کے بعد تھرکول منصوبے پر مزیدکام کریں گے، ہم نے اسلام کوٹ میں ایئرپورٹ بنا کر دیا، منتخب ہوئے تو تھرپارکر سے کراچی تک ٹرین چلائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شیر والے کارونجھر کی طرف دیکھ رہے ہیں، وہ حکومت بناکر آپ کے گرینائٹ کو بیچیں گے، بینظیر بھٹو آج بھی موجود ہے، انہوں نے کارونجھر کی طرف ہاتھ بڑھایا تو ہم نے ان کے ہاتھ کاٹیں گے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی کوشش ہے ان کیلئے کام کروایا جائے اور وہ پاکستان پر مسلط ہوں، ان کی کٹھ پتلی حکومت کراچی میں بیٹھ کر عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالے، میاں صاحب کے سہولت کار سندھ میں الیکشن لڑ رہے ہیں،نواز شریف کٹھ پتلی حکومت بناکر عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باقی سیاسی جماعتیں نفرت اور تقسیم کی سیاست کررہی ہیں مگر پیپلز پارٹی انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی ہے۔ انہوںنے کہا کہ 8فروری کو تیروں کی بارش ہوگی۔

تھرپارکر میں شائع ہونے والی مزید خبریں