وہاڑی،غیرت کے نام پر چچا نے 16 سالہ بھتیجی کو پنچایت میں قتل کردیا

پیر 4 اپریل 2022 15:08

وہاڑی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 اپریل2022ء) وہاڑی کے علاقے میںغیرت کے نام پر چچا نے فائرنگ کرکے 16 سالہ بھتیجی کو پنچایت میں قتل کردیا ، آئی جی پنجاب نے بھتیجی کو قتل کرنے والے چچا کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق وہاڑی میں غیرت کے نام پر 16سالہ لڑکی پنچایت میں قتل کردی گئی، نواحی گائوں 44ڈبلیوبی کی رہائشی رفیق بھٹی کی بیٹی اسما چند روز قبل مبینہ طور پر گھر سے اپنے چچا زاد کے ساتھ بھاگ گئی تھی۔

(جاری ہے)

جسے گزشتہ رات پنچایت کے ذریعے واپس لایا گیا جہاں چچا رئیس ولد بہادر بھٹی نے اپنی عدالت لگالی اور بھری پنچایت میں بھتیجی کوگولی مار دی۔چچا کی فائرنگ سے بھتیجی موقع پر ہی ہلاک ہوگئی تاہم پولیس تھانہ ٹھینگی نے موقع پر پہنچ کر لاش کو تحویل میں لے کر پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیا ہے۔پولیس تھانہ ٹھینگی نے مزید کاروائی شروع کردی ہے تاہم پولیس کے مطابق قاتل چچا رئیس بھٹی موقع سے فرار ہوگیا ہے اور پولیس اس کی گرفتاری کیلئے چھاپہ مار کاروائیاں کر رہی ہے۔آئی جی پنجاب نے وہاڑی میں 16سالہ لڑکی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے بھتیجی کو قتل کرنے والے چچا کو فوری گرفتار کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

وہاڑی میں شائع ہونے والی مزید خبریں