حکومت پنجاب کی ہدایت پر عیدالفطر کے موقع پر پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کی گئی ہے ، ڈپٹی کمشنر وہاڑی

بدھ 3 اپریل 2024 17:21

وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اپریل2024ء) ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایت پر عیدالفطر کے موقع پر پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کی گئی ہے ،ٹرانسپورٹ مالکان عید کے موقع پر مقرر ہ کرایوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں تاکہ مسافروں کو ریلیف مہیا ہو سکے ۔ڈپٹی کمشنر نے یہ ہدایات ٹرانسپورٹر ایسو سی ایشن کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں ۔

ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ نے مزید کہا کہ مقرر کردہ کرایوں سے زائد وصولی پر، اوورلوڈنگ اور اَن فٹ گاڑیوں پر سختی سے ایکشن لیا جائے گا ،ٹرانسپورٹر مقرر کر دہ کرایہ نامہ گاڑیوں کے فرنٹ اور دیگر نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں۔ ڈپٹی کمشنر سید آصف حسین شاہ نے سیکرٹری ٹرانسپورٹ کو ہدایت کی کہ عید الفطر کے موقع پر پبلک ٹرانسپورٹ کی باقاعدگی سے چیکنگ کی جائے ،جس بھی گاڑی میں سلنڈر استعمال ہو رہا ہے اس کے علاوہ اوورلوڈنگ اور اَن فٹ پائی جائے اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور حکومت پنجاب کے ویژن کے مطابق عید پر مسافروں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے کرایہ ناموں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے کیونکہ عوامی مفاد سب سے پہلے ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکرٹری آرٹی اے کامران انور، ٹرانسپورٹر ایسوسی ایشن کے عہدیداران رانا اعجاز اور دیگر موجود تھے۔

وہاڑی میں شائع ہونے والی مزید خبریں