وزیرآباد : تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سے سرکاری ادویات اورسامان کی چوری

گنگو گینگ(اسپتال ملازمین) رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ،سول ہسپتال ایم ایس احسان اظہر بٹ نے تمام حقائق پر مبنی رپورٹ حکام بالا اور سی ای او ہیلتھ گوجرانوالہ کو بھجوا دی

منگل 11 اپریل 2023 22:47

وزیرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 اپریل2023ء) تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سے سرکاری ادویات اور سامان کی چوری ،گنگو گینگ(اسپتال ملازمین) رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ،سول ہسپتال ایم ایس احسان اظہر بٹ نے تمام حقائق پر مبنی رپورٹ حکام بالا اور سی ای او ہیلتھ گوجرانوالہ کو بھجوا دی۔ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال وزیرآباد میں بدعنوانی کے چرچے عام ہیں اور متعدد بار سرزنش کے باوجود بااثر مافیا سے تعلق رکھنے والے گنگو گینگ جس میں درجہ چہارم کے ملازمین شامل ہیں نے ایم ایس اور دیگر افسران کو بے بس بنا رکھا ہے۔

گذشتہ روز کلوز سرکٹ کیمرے کے ذریعے ہسپتال کے عقبی گیٹ کے راستے مبینہ طور پر ہسپتال ملازمین نصیر ،نایاب ، عاصم اور سلمان کو سرکاری ادویات اور دیگر سامان چوری کرتے پکڑ لیا گیا۔

(جاری ہے)

یہ امر قابل ذکر ہے کہ مذکورہ ملازمین کو وزیرآباد حلقہ سے تعلق رکھنے والے حکومتی اور اپوزیشن کے طاقتور با اثر قائدین کی آشیرباد حاصل ہے اور درجہ چہارم کے ملازمین چوکیدار اور سینٹری سپروائزر کی پوسٹ پر بھرتی ہونے والے اہلکاروں کو فارمیسی انچارج اور دیگر اہم پوسٹوں پر تعینات کر کے کرپشن کا راستہ کھولا گیا ہے اور سیاسی میدان میں دست وگریبان پارٹیوں کے کارندے چوری اور کرپشن میں اکٹھے ہیں۔

ایم ایس احسان اظہر بٹ نے چوری معاملہ کی تمام انکوائری مکمل کر کے تمام حقائق کی رپورٹس گوجرانوالہ سی ای او ہیلتھ کو ارسال کر دی ہے عوامی سماجی حلقوں کا کہنا ہے کہ قومی اداروں سے سیاسی عناصر کی ملی بھگت سے کرپشن اور بدعنوانی کے خاتمہ کے لئے ایک ہمہ گیر انقلاب کی ضرورت ہے سیکرٹری ہیلتھ پنجاب چوری میں ملوث ملازمین کے خلاف سخت قانونی کاروائی عمل میں لاتے ہوئے کرپٹ ملازمین کو نوکری سے فارغ کر دیں۔

یاد رہے گنگو گینگ میں شامل متعدد اوباش قسم کے افراد پرائیویٹ ملازم ہیں جبکہ ایک دو مستقل ملازم جن کا تعلق درجہ چہارم سے ہے اس گینگ کی سربراہی کر رہے ہیں اور مذکورہ گینگ کے پاس اسپتال کے میڈیکل رہکارڈ سمیت ،ملازمین ڈاکٹرز کا تمام ریکارڈ بھی شامل ہوتا ہے جو ایسے غیر ذمہ دار افراد کی نگرانی میں دیا گیا ہے

وزیر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں