ہمیشہ کی طرح قبیلے نے بغیر کسی لالچ میرے اوپر اعتماد کا اظہار کیا،جرگہ میں موجود تمام قبائلی عمائدین نوجوانوں بزرگوں کا شکریہ ادا کرتاہوں،حاجی دلاورخان کاکڑ

جمعہ 26 جنوری 2024 20:16

زیارت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2024ء) یونین کونسل زیارت اور ٹاون کمیٹی زیارت کی جانب سے گرینڈ قبائلی جرگہ جمعیت علماء اسلام کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات حاجی دلاورخان کاکڑ کی رہائشگاہ ناکس میں منعقد ہوا۔ گرینڈ قبائلی جرگے میں یونین کونسل زیارت اور میونسپل کمیٹی زیارت کے ہزاروں افراد نے شرکت کی، جرگے میں موجود تمام لوگوں نے دلاورخان کاکڑ کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام کے نامزدامیدواران خلیل الرحمن دمڑ، حاجی نصیر احمد کاکڑ کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔

گرینڈ جرگے سے جمعیت علماء اسلام کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات دلاورخان کاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ کی طرح ہمارے قبیلے نے بغیر کسی لالچ کے آج بھی میرے اوپر مکمل اعتماد کا جو اظہار کیاہے میں جرگہ میں موجود تمام قبائلی عمائدین نوجوانوں بزرگوں کا شکریہ ادا کرتاہوں۔

(جاری ہے)

یونین کونسل زیارت نے ہمیشہ زیارت کی سیاست میں اہم کردار ادا کیاہے۔

آج میرے قبیلے نے میرا سر فخر سے بلند کردیا، زیارت کے قبائلی عمائدین کا جمعیت علماء اسلام پر اعتماد اس بات کی دلیل ہے کہ وہ محب وطن پاکستانی ہے۔ جمعیت علماء اسلام واحد سیاسی پارٹی ہے جو عوام کی بہتر مسقبل کی بات کررہی ہے پارلیمنٹ کے اندر ہو یا پارلیمنٹ کے باہر جمعیت علماء اسلام نے عوام کا مقدمہ ہر وقت لڑا ہے 08 فروری جمعیت علماء اسلام کی کامیابی کا دن ہوگا۔

گزشتہ پانچ سالوں میں سابقہ نمائندے نے زیارت کو کھنڈرات میں تبدیل کردیاگیاہے۔ جمعیت علماء اسلام کامیابی حاصل کرکے سب سے پہلے گزشتہ پانچ سالوں کا حساب ضرور لے گا جرگے سے نامزد امیدوار حلقہ پی بی سات خلیل الرحمن دمڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حاجی دلاورخان کاکڑ کی قبیلے کی مکمل حمایت سے یہ ثابت ہوا کہ جمعیت علماء اسلام آج ہی سے جیت گیاہے۔

یونین کونسل زیارت کے عوام کا جوش وجزبہ دیکھ کر انتہائی خوشی محسوس کررہاہوں، زیارت کے عوام نے ہمیشہ کی طرح آج بھی جراتمندانہ انداز میں اپنے قبائلی معتبر جمعیت علماء اسلام کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات حاجی دلاورخان کاکڑ پر جو اعتماد کیاہے وہ دلاورخان کاکڑ کی اعلیٰ شخصیت کی دلیل ہے، دلاورخان کاکڑ نے زیارت کے سیاست میں ہمیشہ اہم رول ادا کیاہے، 8 فروری جمعیت علماء اسلام کے صوبائی و قومی اسمبلی کے نامزد امیدواران کی کامیابی کا دن ہوگا۔

جرگے سے نامزد امیدوار این اے 253 نصیر احمد کاکڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماضی میں جس طرح یونین کونسل زیارت نے زیارت کی سیاست میں جو کردار ادا کیاہے اور جرگے جو حمایت کا اعلان کیا اس سے واضح ہوگیاہے جمعیت علماء اسلام کو ہرانا کسی کی بس کا کام نہیں ہے۔ زیارت کے عوام نے جو فیصلہ کیاہے اس شاندار فیصلے پر زیارت کے عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، جرگے میں سینکڑوں افراد نے نورمحمد دمڑ کاروان سے مستعفی ہوکر جمعیت علماء اسلام کی مکمل حمایت کا اعلان کیا جرگے سے جمعیت علماء اسلام کے ضلعی امیر مولوی نورالحق، تحصیل امیر مولوی نقیب اللہ، حاجی امیر محمد دوتانی، لالانجیب پانیزئی، حافظ کفایت اللہ ودیگر نے خطاب کیا۔

زیارت میں شائع ہونے والی مزید خبریں