پاکستان سکواش فیڈریشن کے زیر اہتمام پاکستان سرکٹ ٹو مینز اینڈ ویمنز ٹورنامنٹ 26 جون سے شروع ہوگا

جوبلی انشورنس پاکستان سرکٹ تھری سکواش ٹورنامنٹ 6 سے 11جولائی تک کراچی میں کھیلا جائے گا

ہفتہ 23 جون 2018 20:01

پاکستان سکواش فیڈریشن کے زیر اہتمام پاکستان سرکٹ ٹو مینز اینڈ ویمنز ٹورنامنٹ 26 جون سے شروع ہوگا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جون2018ء) پاکستان سکواش فیڈریشن کے زیر اہتمام ایس این جی پی ایل پاکستان سرکٹ ٹو مینز اینڈ ویمنز ٹورنامنٹ 26 جون سے یکم جولائی تک لاہور میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان سکواش فیڈریشن کے گیم ڈویلپمنٹ آفیسر فلائٹ لیفٹیننٹ عامر اقبال کے مطابق اسلام آباد میں حال ہی میں پاکستان سرکٹ ون ٹورنامنٹ کی کامیابی سے انعقاد کے بعد دوسرا ایونٹ ایس این جی پی ایل پاکستان سرکٹ ٹو مینز اینڈ ویمنز 26 جون سے یکم جولائی تک لاہور میں کھیلا جائے گا جس میں خواتین کا ایونٹ 5 ہزار ڈالر جبکہ مردوں کا ایونٹ 10 ہزار ڈالر کا ہوگا ۔

اس ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے نامور مرد اور خواتین کھلاڑی شرکت کریں گے۔ فیڈریشن نے پی ایس اے کی جانب سے میزبانی دینے والے تیسرے ایونٹ کا شیڈول بھی جاری کیا ہے جس کے مطابق جوبلی انشورنس پاکستان سرکٹ تھری سکواش ٹورنامنٹ 6 سے 11جولائی تک کراچی میں کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس ایونٹ میں بھی ملک بھر سے نامور مرد اور خواتین کھلاڑی شرکت کریں گے۔ اس ٹورنامنٹ کیلئے بھی انعامی رقم مردوں کیلئے 10ہزار ڈالر اور خواتین کیلئے 5ہزار ڈالر مقرر کی گئی ہے۔

قبل ازیں اسلام آباد میں پاکستان سرکٹ ون سکواش ٹورنامنٹ رواں ماہ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا تھا جس میں قومی کھلاڑی فرحان محبوب نے کامیابی حاصل کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس اے نے رواں سال 70 ہزار ڈالر تک دیگر بین الاقوامی ایونٹ کی میزبانی پاکستان کو دی ہے جس کیلئے جلد انتظامات کو حتمی شکل دی جائے گی اور اس ایونٹ میں دنیا بھر سے نامور کھلاڑی پاکستان آئیں گے۔
وقت اشاعت : 23/06/2018 - 20:01:50

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :