دنیائے کرکٹ کا مایہ ناز کھلاڑی پی ایس ایل کا حصہ بننے کیلئے تیار

مسٹر 360پاکستان سپر لیگ میں 7میچز کھیلیں گے : ذرائع کا دعوی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 2 ستمبر 2018 21:15

دنیائے کرکٹ کا مایہ ناز کھلاڑی پی ایس ایل کا حصہ بننے کیلئے تیار
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 2 ستمبر 2018 ء) جنوبی افریقا کے سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز اے بی ڈویلیئر بھی پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا حصہ ہوں گے۔ہر گزرتے برس کے بعد پاکستان سپر لیگ کی مقبولیت میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے اور دنیائے کرکٹ کے بڑے بڑے ستارے اس کہکشاں میں شامل ہوتے جا رہے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ کرکٹ کی دنیا میں اپنی جارحانہ بیٹنگ سے بالرز کے چھکے چھڑانے والے دنیا کے بڑے کھلاڑی اے بی ڈویلیئرز بھی پی ایس ایل کا حصہ بننے جا رہے ہیں۔

گزشتہ کئی روز سے سوشل میڈیا پر اس قسم کی خبریں زیر گردش ہیں کہ جنوبی افریقا کے سابق کپتان اے بی ڈویلیئرز پی ایس ایل فور کھیلیں گے۔پی ایس ایل کے آفیشل ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر بھی اس حوالے سے اشارہ دیا گیا تھا اور کرکٹ سے دلچسپی رکھنے والے صارفین کی بڑی تعداد نے یہی اندازہ لگایا تھا کہ اے بی ڈویلیئرز پی ایس ایل کے معاہدے پر دستخط کرنے جا رہے ہیں،متعدد ذرائع نے بھی اے بی ڈویلیئرز کے پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا حصہ بننے کی تصدیق کر دی ہے۔

(جاری ہے)

پی ایس ایل سے جڑے ایک ذرائع نے میڈیاکو بتایا ہے کہ اے بی ڈویلیئرز پی ایس ایل کے لیے آ رہے ہیں، وہ تقریباً 3 ہفتوں کےلئے دستیاب ہوں گے جس کا مطلب یہ کہ 34سالہ سٹار بلے باز ایونٹ میں 7 میچز کھیلیں گے۔ 34 سالہ بیٹسمین آئی پی ایل میں رائل چیلنجرز بنگلور کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔ انہیں دسمبر میں شیڈول امارات پریمیئر لیگ کا سفیر بھی مقرر کیا گیا ہے۔

ہمہ جہت خصوصیات کے مالک ڈیویلیئرز انٹرنیشنل کرکٹ میں شاندار کارکردگی اور ملنسار طبیعت کے سبب بے حد زیادہ پسند کیے جاتے ہیں۔یاد رہے کہ اے بی ڈویلیئرز نے تمام طرز کی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرکے دنیا ئے کرکٹ کو حیران کر دیا تھا۔ اے بی ڈی ویلیئرز کے پاس ایک روزہ کرکٹ میں تیز ترین سنچری بنانےکا اعزاز ہے اور یہ کارنامہ انہوں نے جوہانسبرگ میں ویسٹ انڈیز کےخلاف جنوری 2015 ءمیں انجام دیا۔

ون ڈے کرکٹ میں دوسری تیز ترین سنچری بنانےکا ریکارڈ نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن اور تیسری تیز ترین سنچری کا ریکارڈ پاکستان کے شاہد آفریدی کے پاس ہے۔ڈیویلیئرز ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین نصف سنچری (16بالز) اور تیز ترین 150رنز (64بالز) بنانےوالے بلے باز بھی ہیں۔ڈیویلیئرز نے جنوبی افریقہ کے لیے 114ٹیسٹ میچز میں 22سنچریوں کی مدد اور50.66کی اوسط سے 8765 رنز، 228ون ڈے میچز میں53.50کی اوسط اور25سنچریوں کی مدد سے9577رنز اور78ٹی ٹونٹی مقابلوں میں 10نصف سنچریوں کی مدد سے 1672رنز سکور کیے۔ 
وقت اشاعت : 02/09/2018 - 21:15:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :