ایشیاءکپ میں شکست پر تنقید کا شکار سرفراز احمد کو بڑ ی حمایت مل گئی

ابھی کسی تبدیلی کا کوئی ارادہ نہیں،جلد ٹیم مینجمنٹ سے ملوں گا،احسان مانی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 28 ستمبر 2018 12:12

ایشیاءکپ میں شکست پر تنقید کا شکار سرفراز احمد کو بڑ ی حمایت مل گئی
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔28 ستمبر2018ء) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ( پی سی بی) احسان مانی مشکل وقت میں کپتان سرفراز احمد کی حمایت میں سامنے آگئے اور انھوں نے وکٹ کیپر کی قیادت پر اظہار اعتماد کرتے ہوئے اگلی سیریز میں ٹیم سے بہتر کھیل کی امیدیں باندھ لیں۔متحدہ عرب امارت میں جاری ایشیاءکپ میں پاکستان ٹیم سپر فور مرحلے کے آخری میچ میں بنگلہ دیش کے خلاف37 رنز کی شکست کا شکار ہوکر فائنل میں جگہ نہ بنا سکی، اس سے قبل اسے روایتی حریف بھارت سے بھی دونوں میچز میں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا، ایونٹ میں کپتان سرفراز احمد کی بیٹنگ بھی اچھی نہیں رہی جب کہ ان کی قیادت پر بھی اعتراضات اٹھائے جا رہے ہیں، البتہ چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے ان پر مکمل اظہار اعتماد کیا ہے۔

میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ جب ٹیم جیتے تو کپتان کی بہت تعریفیں ہوتی ہیں کہ اس سے اچھا کوئی اور ہے ہی نہیں، اب ہارگئے ہیں تو انہیں ٹیم سے نکالنے کی باتیں ہونے لگیں،البتہ میرا ابھی کسی قسم کی تبدیلیوں کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

نائب کپتان کی تقرری کے سوال پر انھوں نے کہا کہ میں ایک،دو روز میں ٹیم مینجمنٹ سے ملاقات کروں گا،ان سے ایشیاءکپ میں کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جب کہ ٹیم کے ناقص کھیل کی وجوہات جاننے کی بھی کوشش ہوگی۔

واضح رہے کہ احسان مانی گزشتہ چند روز سے دبئی میں ہی مقیم ہیں، وہ وہاں ایشین کرکٹ کونسل کی میٹنگ میں شرکت کے لیے گئے تھے جس کے بعد اب انھیں انگلینڈ روانہ ہونا ہے جہاں سے7اکتوبر کو لاہور واپسی ہوگی، چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ یکم سے3 اکتوبر تک دبئی میں شیڈول آئی سی سی ڈسپیوٹ کمیٹی میں بھارت کے خلاف پاکستانی کیس کی سماعت کے حوالے سے مشاورت کر رہے ہیں۔
وقت اشاعت : 28/09/2018 - 12:12:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :