پی سی بی کا پاکستان سپر لیگ کے 5 میچز کراچی میں کروانے پر غور

اقدام غیر ملکی کرکٹرز کے خدشات کم کرنے کیلئے کیا جارہا ہے : بورڈ حکام

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 4 دسمبر 2018 13:39

پی سی بی کا پاکستان سپر لیگ کے 5 میچز کراچی میں کروانے پر غور
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4 دسمبر2018ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) نے پاکستان سپر لیگ کے پانچ میچز کراچی میں کروانے پر غور شروع کردیا ہے ۔ نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلی حکام نے پاکستان میں انٹر نیشنل کرکٹ کی بحالی کے سلسلے میں ایک اور قدم اٹھاتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کے فائنل سمیت پانچ میچز نیشنل سٹیڈیم ، کراچی میں کروانے کا فیصلہ کرلیا ہے ۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ لیگ کے بقیہ تین میچز قذافی سٹیڈیم ،لاہور میں کروائے جائیں گے ۔مقامی میڈیا نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے اعلی ذرائع کے حوالے سے دعوی کیا ہے کہ پی سی بی نے یہ فیصلہ انٹر نیشنل کرکٹرز کی خوشی کے لیے کیا ہے ۔پی سی بی کے ایک آفیشل نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا ہے کہ بورڈ نے یہ فیصلہ انٹر نیشنل کرکٹرز کے خدشات کو دور کرنے کے لیے کیا ہے اور اس کے بعد آسٹریلیوی ٹیم کے میچز کی میزبانی کا آپشن بھی زیر غور ہے ۔

(جاری ہے)

یہ بات قابل ذکر ہے کہ پاکستان سپر لیگ کے تیسرے ایڈیشن کا فائنل بھی نیشنل کرکٹ سٹیڈیم ، کراچی میں کروایا گیا تھا جسے30ہزار شائقین کرکٹ نے دیکھا تھا ۔ سابق چیئر مین پی سی بی نجم سیٹھی نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے آٹھ میچز پاکستان میںکھیلے جائیں گے،نجم سیٹھی کے اس اعلان کی تائید کرتے ہوئے موجود ہ چیئر مین احسان مانی کا کہنا تھا کہ مستقبل میں پاکستان میں پی ایس ایل میچز کی تعداد میں مزید اضافہ کیا جائے گا ۔

پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن اگلے سال14فروری سے دبئی میں شروع ہوگا اور فائنل17مارچ کو کھیلا جائے گا ، پی ایس ایل کی تمام فرنچائزز نے ڈرافٹ کے ذریعے اپنے اپنے سکواڈ مکمل کرلیے ہیںاور اب پاکستان کرکٹ بورڈ نے چھٹی ٹیم کے مالک کی تلاش کے لیے اشتہار جاری کردیا ہے ۔
وقت اشاعت : 04/12/2018 - 13:39:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :