ایمر جنگ ایشیا ءکپ ، امارا تی کھلاڑیوں نے پی سی بی کی ناقص سہولیات کا بھانڈا پھوڑ دیا

20منٹ کی بارش نے یو اے ای کا سیمی فائنل میں رسائی کا خواب چکنا چور کردیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 10 دسمبر 2018 17:00

ایمر جنگ ایشیا ءکپ ، امارا تی کھلاڑیوں نے پی سی بی کی ناقص سہولیات کا بھانڈا پھوڑ دیا
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔10دسمبر2018ء) ایمرجنگ ایشیا ءکپ میں شرکت کرنے والے متحدہ عرب امارات کے کھلاڑیو ں نے کراچی میں بارش کے دوران پچ کو ڈھکنے کی ناقص سہولیات کو شدید تنقید کا نشانہ بنا ڈالا، میچ کا کوئی نتیجہ نہ نکلنے کے باعث متحدہ عرب امارات کی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی ، اماراتی کھلاڑیوں نے سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے دل کی بھڑاس نکالی تاہم کچھ دیر بعد اپنے ٹویٹس ڈیلیٹ کردیئے جبکہ اماراتی کرکٹ بورڈ نے بھی کسی قسم کے کمنٹس دینے سے معذرت کرلی ہے ۔

ساﺅتھ اینڈ سٹیڈیم ،کراچی میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم نے ہانگ کانگ کی ٹیم کو 31اوورزمیں 87رنز تک محدود کرنے کے ساتھ ساتھ 4کھلاڑی بھی آﺅٹ کررکھے تھے جب آدھے گھنٹے کی بارش کے باعث میچ کو روکنا پڑا، گراﺅنڈسٹاف کے پاس پچ کو مکمل طور پر ڈھکنے کے لیے کورز موجود نہیں تھے جس کے باعث پچ بارش کے باعث متاثر ہوئی اور گراﺅنڈ سٹاف کی کوششوں کے باوجود گراﺅنڈ کو کھیل کے لیے تیار نہ کیا جاسکا اور امپائرز نے کھیل ختم کرنے کا اعلان کرد یاجس کے بعددونوں ٹیموںکو ایک ، ایک پوائنٹ ملا ،پاکستان کرکٹ بورڈ کے انٹر نیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ آپریشنز کے انچارج بھی اس وقت گراﺅنڈ پر موجود تھے ، ساﺅ تھ اینڈ سٹیڈیم،کراچی نے 1993ءمیں زمبابوے کے خلاف ٹیسٹ میچ کی میزبانی کی تھی تاہم اب یہ سٹیڈیم فرسٹ کلاس سٹیٹس بھی نہیں رکھتا اور زیادہ تر وارم اپ میچز یا ویمن کرکٹ کی میزبانی کرتا ہے،اس مقابلے میں کامیابی متحدہ عرب امارات کی ایونٹ کے سیمی فائنل میں رسائی کی امیدیں بڑھا سکتی تھی تاہم بنگلہ دیش نے پاکستان کو شکست دیکر سیمی فائنل کےلئے کوالیفائی کرلیا ،متحد ہ عرب امارات نے اپنے پہلے میچ میں بنگلہ دیش کو97رنز سے ہرایا تھا تاہم دوسرے میچ میں اسے پاکستان کے ہاتھوں9وکٹوں سے شکست ہوئی۔

(جاری ہے)

متحدہ عرب امارات کے کپتان روہن مصطفی نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ”شاید ٹورنامنٹ کے آرگنائزرز اس تکلیف کا اندازہ نہیں کرسکتے جو اس طرح ایونٹ سے باہر ہونے پر ہمیں ملی ہے، مجھے افسوس کے ساتھ کہنا پڑا رہا ہے کہ ہم ناقص سہولیات کے باعث ایونٹ سے باہر ہوئے ہیں “ ۔ لیفٹ آرم سپنر احمد رضا نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ ” ہمارے کھلاڑی 4گھنٹے دھوپ میں پچ سوکھنے کا انتظار کرتے رہے کیونکہ پی سی بی کے ’ٹیسٹ ‘ وینیو پر کلب لیول کے کورز موجود تھے ،20منٹ کی بارش نے ہمارے سیمی فائنل تک رسائی کی امیدیں ختم کردیں “ ۔

لاہور میں پیدا ہونے والے مڈل آرڈر بلے باز رمیز شہزاد نے اپنے ٹویٹر پیغام میں لکھا کہ ” سکیورٹی کو چھوڑیں لیکن اس سے بھی بڑی وجوہات موجود ہیں جس کے باعث انٹر نیشنل کرکٹ اس خطے میں واپس نہیں آرہی،شرم کا مقام ہے جس طرح پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس مسئلے کو ہینڈل کیا “۔
ایمر جنگ ایشیا ءکپ ، امارا تی کھلاڑیوں نے پی سی بی کی ناقص سہولیات کا بھانڈا پھوڑ دیا
وقت اشاعت : 10/12/2018 - 17:00:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :