پنجاب نیٹ بال ایسوسی ایشن کی جنرل کونسل کا اجلاس

وسیم احمد سیال ، ریجنل پولیس آفیسر ملتان کو اگلے چار سال کیلئے پنجاب نیٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر منتخب

جمعہ 11 جنوری 2019 19:07

پنجاب نیٹ بال ایسوسی ایشن کی جنرل کونسل کا اجلاس
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جنوری2019ء) پنجاب نیٹ بال ایسوسی ایشن کی جنرل کونسل کا اجلاس لاہور کے مقامی ہوٹل میں ہوا جس میں وسیم احمد سیال ، ریجنل پولیس آفیسر ملتان کو اگلے چار سال کیلئے پنجاب نیٹ بال ایسوسی ایشن کا صدر اور چودھری محمد رضوان کو جنرل سیکرٹری منتخب کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب نیٹ بال کی جنرل کونسل کا اہم اجلاس لاہور کے مقامی ہوٹل میں ہوا جس میں پنجاب کے تمام ڈسٹرکٹس کے نمائندوں نے بھرپور شرکت کی۔

اس موقع پر پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر ارائیں نے بھی بطور آبزور الیکشن کے عمل کی نگرانی کی اور الیکشن کو منصفانہ قرار دیا۔ اجلاس میں پچھلے منٹس اور نئے بجٹ کی منظوری بھی دی گئی۔نئے الیکشن کے مطابق وسیم احمد سیال پنجاب نیٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر، چودھری محمد ررضوان اعزازی جنرل سیکرٹری، عاکف نعیم بٹ چیئرمین، میاں محمد افضل سینئر نائب صدر، عائشہ اعزازی خزانچی، چار نائب صدورمیں احمد یاسر، عابد اللہ بابر، سعدی عاصم، نازش وحید،ایسوسی ایٹ سیکرٹریز میں فرحان علی، فرمان اسرار اور صدف جبکہ ایگزیکٹوکمیٹی ممبر میں حمزہ معظم، محمد عرفان، بشریٰ عمران، سلمان ثاقب، غضنفرشاہ اور عثمان علی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر ارائیں نے نومنتخب عہدیداروں کومبارکباد دی اور ہائوس کو بتایا کہ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کھیل کی پرموشن کیلئے پاکستان بھر میں کوشاں ہے۔انہوںنے امید ظاہر کی وسیم احمد سیال کی قیادت میں پنجاب نیٹ بال ایسوسی ایشن جلد عروج حاصل کرے گی۔ اس موقع پر تمام نمائندوں نے وسیم احمدسیال پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اپنی بھرپور معاونت کا یقین دلایا۔

گفتگو کرتے ہوئے نومنتخب صدر وسیم احمد سیال کا کہنا تھا کہ نیٹ بال کو پنجاب بھر میں بھرپور طریقے سے پھیلائیں گے، سکولوں اور کالجوں اور گراس روٹ لیول پر کھیل کو لے کر جائیں گے۔ وسیم احمد سیال کا کہنا تھا کہ وہ خود ایک سپورٹس مین ہیں اور پولو کافی عرصہ کھیلتے رہے ہیں۔پنجاب بھر میں نیٹ بال کے ایونٹس کو بڑی تعداد میں اچھے طریقے سے کرائیں گے۔

اس موقع پر اگلے سال کیلئے ایونٹس کو پنجاب بھر میں تقسیم کیا گیا تمام ڈسٹرکٹ میں ریجنل لیول کے ایونٹس اور کورسز دیئے گئے جبکہ لاہور میں انٹر ڈویژنز گرلز نیٹ بال چیمپئن شپ لاہور کالج یونیورسٹی لاہور میں اکتوبر 2019ء میں کھیلی جائے گی جبکہ بوائز کا ایونٹ فیصل آباد میں کھیلا جائے گا۔لاہور کپ گرلز ایونٹ کی میزبانی کنیئرڈ کالج کو سونپی گئی،جبکہ دسمبر 2019ء میں نیشنل نیٹ بال چمپئن شپ کا انعقاد سپورٹس جمنازیم نشتر پارک میں کیا جائے گا۔
وقت اشاعت : 11/01/2019 - 19:07:30

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :