ملکی کرکٹ کو درست کرنے کےلئے ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹس کی تعداد کم کرنا ہوگی: کامران اکمل

گزشتہ پانچ سالوں میں وننگ کمبی نیشن بنانے پر توجہ نہیں دی گئی :وکٹ کیپر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 24 جنوری 2019 15:51

ملکی کرکٹ کو درست کرنے کےلئے ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹس کی تعداد کم کرنا ہوگی: کامران اکمل
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 جنوری2019ء) قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل کا کہنا ہے کہ چیف کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد کو ابھی سے ورلڈکپ پلان بناکر اس پر فوکس کرنے کی ضرورت ہے۔ایک انٹر ویو کے دوران کامران اکمل کا کہنا تھا کہ ان کے نزدیک ملکی کرکٹ کو درست کرنے کے لیے بھارت کی طرح ٹی ٹونٹی ٹورنامنٹس کی تعداد کو کم کرنا ہوگا، ہمسایہ ملک میں صرف آئی پی ایل ٹی ٹونٹی کرکٹ ہوتی ہے لہذا ہمیں بھی ٹی ٹونٹی فارمیٹ کو صرف پی سی بی کے زیر انتظام نیشنل ٹی ٹونٹی اور پی ایس ایل تک محدود کرکے باقی ہر جگہ پر ٹی ٹونٹی کرکٹ پر پابندی لگانا ہوگی ، جو نیشنل ٹی ٹونٹی میں پرفارم کرے اس کو پی ایس ایل میں کھلائیں۔

کامران اکمل نے کہا کہ موجودہ صورت حال میں لڑکے 4 روزہ کرکٹ پر فوکس نہیں کررہے اور صرف منتخب میچز کھیل رہے ہیں ،ان کی ساری توجہ ٹی ٹونٹی فارمیٹ پر ہے تو ایسے حالات میں ٹیسٹ کرکٹ کے لیے کھلاڑی کیسے تیار ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستانی کرکٹ کا گراف نیچے جارہا ہے، صرف ٹی ٹونٹی میچز میں پرفارمنس بہتر ہے،ٹیسٹ اور ون ڈے میں ہمارا حال خراب ہے، گزشتہ پانچ سالوں میں تجربات کا سلسلہ جاری ہے،ایک وننگ کمبی نیشن بنانے پر توجہ نہیں دی جارہی۔

اس چیز کو جتنی جلد ختم کریں گے، اتناہی بہتر ہوگا۔وکٹ کیپر بیٹسمین کا کہنا تھا کہ چیف کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد کو ابھی سے ورلڈکپ پلان بناکر اس پر فوکس کرنے کی ضرورت ہے، میگا ایونٹ اور وہاں کی وکٹوں کو سامنے رکھتے ہوئے بہترین کمبی نیشن بنانے پر توجہ دینا ہوگی۔ انہوں نے بھارتی ٹیم کے کپتان ویرات کوہلی کو موجودہ دور کا بہترین بلے باز ٹھہراتے ہوئے رول ماڈل قرار دے دیا۔
وقت اشاعت : 24/01/2019 - 15:51:42

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :