پاکستان میں باکسنگ کی حالت دیکھ کر دکھ ہوتا ہے،تمام افراد جیبیں گرم کرنے میں مصروف ہیں ،حسین شاہ

عامر خان دوہری شہریت کا حامل ہوکر پاکستان کے لیے کھیل سکتا ہے تو میرے بیٹے کو پاکستانی پاسپورٹ رکھنے کے باوجود کھیلنے سے کیوں روکا جارہا ہے،صحافیوں سے بات چیت

بدھ 6 فروری 2019 18:58

پاکستان میں باکسنگ کی حالت دیکھ کر دکھ ہوتا ہے،تمام افراد جیبیں گرم کرنے میں مصروف ہیں ،حسین شاہ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2019ء) اولمپکس گیمز میں باکسنگ کے کھیل میں ملک کے لیے واحد تمغہ جیتنے والے نامور باکسر حسین شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں باکسنگ کی حالت دیکھ کر دکھ ہوتا ہے ۔تمام افراد اپنی جیبیں گرم کرنے میں مصروف اور ٹیلنٹ کو نظر انداز کیا جارہا ہے ۔عامر خان دوہری شہریت کا حامل ہوکر پاکستان کے لیے کھیل سکتا ہے تو میرے بیٹے کو پاکستانی پاسپورٹ رکھنے کے باوجود کھیلنے سے کیوں روکا جارہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے بدھ کو کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان میں باکسنگ کا کھیل زوال کی جانب گامزن ہے ۔یہ صورت حال دیکھ کر انتہائی دکھ ہوتا ہے ۔ملک میں ٹیلنڈ کی کوئی کمی نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

ہم آج بھی اولمپکس سمیت بین الاقوامی مقابلوں میں میڈلز جیت سکتے ہیں لیکن اس کے لیے ضروری ہے کہ میرٹ کی بنیاد پر باصلاحیت کھلاڑیوں کو آگے بڑھنے کا موقع دیا جائے ۔

اس وقت ملک میں باکسنگ وہ لوگ چلارہے ہیں جن کو اس کھیل کی الف بے بھی نہیں معلوم ہے ۔لیاری میں باکسنگ کے باصلاحیت کھلاڑی موجود ہیں لیکن ان کو نظرانداز کیا جارہا ہے ۔ تمام لوگ اپنی جیبیں بھرنے میں مصروف ہیں ۔اگر لٹیروں نے ہی اس کھیل کو چلانا ہے تو اسے بند کردینا چاہیے ۔حسین شاہ نے کہا کہ وزیراعظم عمرا ن خان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی بہت زیادہ بات کرتے ہیں لیکن دوسری جانب میرے بیٹے کو پاکستان سے اس لیے کھیلنے نہیں دیا جارہا ہے کہ وہ پاکستان میں نہیں رہتا ہے۔

عامر خان دوہری شہریت کا حامل ہوکر پاکستان کے لیے کھیل سکتا ہے تو میرے بیٹے کو پاکستانی پاسپورٹ رکھنے کے باوجود کھیلنے سے کیوں روکا جارہا ہے جبکہ وہ دوہری شہریت کا حامل بھی نہیں ہے ۔انہوںنے کہا کہ میرے نام سے منصوب جمنازیم کو کیوں دوسرے کے نام سے منصوب کیا جارہا ہے۔حکومت کی طرف سے مجھے دیئے پلاٹ پر بھینسوں کا باڑا بنا ہوا ہے ۔حکومت کی عدم توجہ کی وجہ سے مجھے ملک چھوڑ کر جاپان جانا پڑا ۔پاکستان میں اپنی بیوی کی عیادت کے لئے آیا ہوں ۔عمران خان کو سب پتہ ہے کہ کھلوں میں کیا سیاست ہورہی ہے۔ان کو ان تمام معاملات کا جائزہ لینا چاہیے ۔
وقت اشاعت : 06/02/2019 - 18:58:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :