بھارت کو کھیلوں میں سیاست نہیں لانی چاہے، بھارت کیساتھ کرکٹ معاملات پر اپنی عزت ہر صورت مقدم رکھیں گے ، ایم ڈی پی سی بی

بھارت سے ہر محاذ کیلئے تیار ہیں ، سری لنکا کے رواں سال دورہ پاکستان کیلئے پر امید ہیں ، پی ایس ایل کیلئے راولپنڈی سمیت دیگر سینٹرز کا جائزہ لے رہے ہیں ،ڈومیسٹک کرکٹ کی بہتری کیلئے جلد بازی میں کوئی فیصلے نہیں لئے جائینگے، وسیم خان کی میڈیا سے گفتگو

جمعہ 22 مارچ 2019 20:21

بھارت کو کھیلوں میں سیاست نہیں لانی چاہے، بھارت کیساتھ کرکٹ معاملات پر اپنی عزت ہر صورت مقدم رکھیں گے ، ایم ڈی پی سی بی
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر وسیم خان نے واضح کیا ہے کہ بھارت کو کھیلوں میں سیاست نہیں لانی چاہے، بھارت کیساتھ کرکٹ معاملات پر اپنی عزت ہر صورت مقدم رکھیں گے ، آئی سی سی میں بھارت کیساتھ ہر محاذ کیلئے تیار ہیں ، سری لنکا کے رواں سال دورہ پاکستان کیلئے پر امید ہیں ، پی ایس ایل کے آئندہ ایڈیشن کے انعقاد کیلئے راولپنڈی سمیت دیگر سینٹرز کا جائزہ لے رہے ہیں جبکہ ڈومیسٹک کرکٹ کی بہتری کیلئے جلد بازی میں کوئی فیصلے نہیں لئے جائینگے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی سی بی کے ترجمان سمیع الحسن برنی کے ہمراہ پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے دورہ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ وسیم خان نے کہاکہ پاکستان کرکٹ کی بہتری کیلئے سخت فیصلے کرنے سے اجتناب نہیں کرینگے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کھیلوں میں سیاست نہیں آنی چاہیے ، بھارت نے پی ایس ایل کو بلیک آوٹ کیا ، ہم ہر کام پاکستان کے مفاد میں کرینگے ۔

انہوں نے کہاکہ قومی وویمن ٹیم کا بیٹنگ کوچ تعینات کیا جائیگا ، بیٹنگ کوچ غیر ملکی نہیں بلکہ مقامی ہوگا ۔ ایک سوال کے جواب میں وسیم خان نے کہاکہ ساری دنیا نے پاکستان میں پی ایس ایل کے دوران سیکیورٹی انتظامات دیکھ لئے ہیں اور ہر ایک نے پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات اور سہولیات کو سراہا ہے جبکہ سری لنکا کرکٹ ٹیم کو پاکستان لانے کیلئے کوشاں ہیں، رواں سال سری لنکن ٹیم کی پاکستان آمد کیلئے پر امید ہیں ۔

وسیم خان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں کوچز اور سلیکٹرز کی شمولیت کے معاملے کا جائزہ لینگے ، انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہماری اولین ترجیح ہے ، ماضی کی بجائے ہمیں مستقبل کی طرف دیکھنا ہوگا ، پی سی بی کو پروفیشنل انداز سے چلانا چاہتے ہیں ، پاکستان کرکٹ کو آگے لیکر جانا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کرکٹ میں بہتری کیلئے سخت فیصلے لینے سے اجتناب نہیں کرینگے تاہم جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں لیا جائیگا ، ڈومیسٹک کرکٹ کا پورا انفراسٹکچر تبدیل کرینگے اور فرسٹ کلاس کرکٹ میں پچز کے معیار کو بہتر بناینگی
وقت اشاعت : 22/03/2019 - 20:21:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :