راشد خان ٹیسٹ میچ جیتنے والے سب سے کم عمر کپتان بن گئے

لیگ بریک گگلی بولر نے پاکستان کے سابق کپتان اور بورے والا ایکسپریس وقار یونس کا ریکاڈر توڑ دیا

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ پیر 9 ستمبر 2019 20:13

راشد خان ٹیسٹ میچ جیتنے والے سب سے کم عمر کپتان بن گئے
ڈھاکہ(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔9ستمبر2019ء) افغان کرکٹ ٹیم کے کپتان راشد خان ٹیسٹ جیتنے والے سب سے کم عمر کپتان بن گئے ہیں۔ لیگ بریک گگلی بولر راشد خان نے پاکستان کے سابق کپتان اور بورے والا ایکسپریس وقار یونس کا ریکاڈر توڑ دیا ہے۔ راشد خان نے یہ کارنامہ 20 سال اور 354 دن کی عمر میں انجام دیا ہے۔ یاد رہے کہ وقار یونس نے 1993-94 میں زمبابوے کے خلاف کراچی میں 22 سال اور 15 دن کی عمر میں ٹیسٹ میچ جیتا تھا۔

افغانستان کے کپتان راشد خان نے بنگلہ دیش کے خلاف چٹاگانگ میں کھیلے گئے واحد ٹیسٹ میں شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے یہ اعزاز اپنے نام کیا ہے۔ آج افغانستان نے بنگلہ دیش کو 224 رنز سے عبرت ناک شکست دے کرٹیسٹ کرکٹ میں پہلی فتح حاصل کی۔ چٹاگانگ میں کھیلے گئے واحد ٹیسٹ میچ میں افغانستان کے نو منتخب کپتان راشد خان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا جو اچھا ثابت ہوا۔

(جاری ہے)

افغانستان کی جانب سے رحمت شاہ نے اپنے کیریئر کی پہلی ٹیسٹ سنچری سکور کی جبکہ اصغر افغان نے 92 ویں رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جس کی بدولت انہوں نے اپنی پہلی اننگز میں 342 رنز سکور کئے۔ بنگلہ دیش کی جانب سے تائیجل اسلام نے 4 جبکہ شکیب الحسن اور نعیم حسن نے دو دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔شکیب الحسن الیون کی پہلی اننگز کا آغاز اچھا ثابت نہ ہو سکا، محمد نبی اور راشد خان کی تباہ کن بولنگ کے آگے بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 205 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔

افغانستان کی جانب سے راشد خان نے پانچ جبکہ محمد نبی نے تین کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔105 رنز کی لیڈ کے ساتھ افغانستان نے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا اور ان کی پہلی وکٹ 4 رنز پر ہی گر گئی۔ راشد خان الیون نے ابراھیم زادران کے 87 رنز کی بدولت 260 رنز بنائے اور ان کے تمام کھلاڑی آﺅٹ ہو گئے۔بنگلہ دیش کی جانب سے شکیب الحسن نے تین جبکہ مہدی حسن، تائیجل اسلام، اور نعیم حسن نے دو دو کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔

اس طرح افغانستان کی ٹیم بنگلہ دیش کو 398 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف دینے میں کامیاب ہو گئی۔جواب میں بنگلہ دیش کی ٹیم کا آغاز اچھا ثابت نہ ہو سکا اور پوری بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوکر173رنز پر ڈھیر ہوگئی۔افغانستان کی جانب سے ایک بار پھر کپتان راشد خان نے 6 جبکہ ظاہر خان نے تین کھلاڑیوں کو آﺅٹ کیا۔
وقت اشاعت : 09/09/2019 - 20:13:51

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :