سرفرازاحمد کو ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹ لینے والے باﺅلرز کی تلاش

2 اہم باﺅلرز کی ٹیسٹ کرکٹ سے علیحدگی کے بعد متبادل ڈھونڈناہے ،یاسر شاہ کے ساتھ سپورٹنگ سپنر کو بھی رکھنا پڑےگا:قومی کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 16 ستمبر 2019 17:18

سرفرازاحمد کو ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹ لینے والے باﺅلرز کی تلاش
کراچی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔16ستمبر2019ء) ٹیسٹ کپتانی کے مستقبل سے لاعلم مختصر فارمیٹس کے قومی کپتان سرفراز احمد کو وکٹ لینے والے باﺅلرز کی تلاش ہے ،ان کا کہنا ہے کہ 2اہم باﺅلرز کی ٹیسٹ کرکٹ سے علیحدگی کے بعد دیکھنا ہوگا کہ اس طرز میں کون کامیاب ہو سکتا ہے ،یاسر شاہ کے ساتھ سپورٹنگ سپنر کو بھی رکھنا پڑےگا۔ تفصیلات کے مطابق قومی ٹیم کے ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کپتان سرفراز احمد کا کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ان کی کوشش ہوگی کہ سری لنکا کیخلاف رواں ماہ شیڈول سیریز میں بہترین کھلاڑیوں کو میدان میں اتارا جائے تاکہ بہترین نتائج حاصل ہو سکیں۔

قیادت سے متعلق ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ کے ساتھ ان کی قیادت کی مدت مکمل ہوگئی تھی تاہم وہ اس حوالے سے پوری طرح مطمئن تھے کیونکہ انہیں علم تھا کہ اس حوالے سے جو بھی ہوا بہتر ہی ہوگا۔

(جاری ہے)

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ کپتانی کی مدت کا تعین کرنا ان کا اختیار نہیں البتہ انہیں اطمینان ہے کہ ون ڈے اور ٹی ٹونٹی کیلئے انہیں کپتان مقرر کردیا گیا ہے اور اب پی سی بی جسے بھی بہتر سمجھے گا ٹیسٹ ٹیم کا کپتان مقرر کردےگا۔

ان کا کہنا تھا کہ سب سے اہم بات ان کیلئے بطور کپتان پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ بہترین روابط ہیں اور ورلڈ کپ میں بھی بورڈ حکام کے ساتھ ان کا مسلسل رابطہ جو ان کی مسلسل حوصلہ افزائی کرتے رہے تھے اور انہیں امید ہے کہ اب بھی یہ حمایت اور سرپرستی جاری رہے گی۔قومی کرکٹ ٹیم کے وائٹ بال کپتان کا کہنا تھا کہ دو اہم پیسرز محمد عامر اور وہاب ریاض کی طویل فارمیٹ کی کرکٹ سے کنارہ کشی کے بعد اب دیکھنا ہوگا کہ ایسے باﺅلرز کون سے ہیں جو وکٹیں حاصل کرسکتے ہیں اور اس کیلئے لازمی طور پر یاسر شاہ کے ساتھ ایک سپورٹنگ سپن باﺅلر کو قومی ٹیم میں شامل کرنا ہوگا کیونکہ ٹیسٹ میچوں میں حریف ٹیم کی وکٹیں حاصل کرنےکی بہت زیادہ اہمیت ہوتی ہے۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ انکے ہیڈ کوچ مصباح الحق کے ساتھ ہمیشہ سے اچھے تعلقات ہیں اور امید ہے کہ ان کے ساتھ مل کر کام کرنے سے بہترین نتائج سامنے آئیں گے۔قائد اعظم ٹرافی میں سندھ کے کپتان نے واضح کیا کہ انہوں نے بیٹنگ آرڈر میں اپنے نمبر کا بھی تعین کرلیا ہے اور کوشش یہی ہوگی کہ وہ اپنے نمبر پر ہی بیٹنگ کریں کیونکہ یہ انٹرنیشنل کرکٹ کیلئے بھی مددگار ثابت ہوگا۔
وقت اشاعت : 16/09/2019 - 17:18:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :