پی سی بی پوڈ کاسٹ کے تازہ ترین ایڈیشن میں کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کے حالیہ دورہ اسلام آباد کی تفصیلات شامل

ہم پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی چاہتے ہیں، ہمارے نزدیک یہ پاکستان اور کرکٹ دونوں کے لیے مثبت ہوگا‘کیون رابرٹس

جمعہ 20 ستمبر 2019 23:21

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 ستمبر2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ پوڈ کاسٹ کے تازہ ترین ایڈیشن میں کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کیون رابرٹس کے حالیہ دورہ اسلام آباد کی تفصیلات شامل ہیں، کیون رابرٹس کا دورہ ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی سے متعلق پی سی بی کی کوششوں کی ایک کڑی ہے۔ 17 ستمبر کو اسلام آباد کا دورہ کرنے والے کیون رابرٹس کے بعد کرکٹ آسٹریلیا کے چیئرمین ایرل ایڈنگز اکتوبر میں لاہور آرہے ہیں۔

اکتوبر میں انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے عہدیداران بھی پاکستان کے دورے پر آرہے ہیں۔کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو کیون رابرٹس کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی چاہتے ہیں۔ ہمارے نزدیک یہ پاکستان اور کرکٹ دونوں کے لیے مثبت ہوگا۔

(جاری ہے)

کیون رابرٹس نے کہا کہ آسٹریلوی نقطہ نظر سے کھلاڑیوں اور اسپورٹ اسٹاف کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔

ہم 2022 تک دورہ پاکستان سے متعلق مشورے لیتے رہیں گے تاہم اس دوران ہم دو طرفہ روابط میں بہتری کے لیے اقدامات جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میری آمد کا مقصد ذاتی طور پر پاکستان کو عزت دینا ہے۔کیون رابرٹس نے کہا کہ 17ستمبر کی صبح ہم لندن سے پاکستان پہنچے اور اس کے کچھ ہی دیر بعد ہماری وزارت داخلہ سے ملاقات ہوئی۔انہوں نے کہا کہ یہ ملاقات پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے انتہائی حوصلہ افزا رہی تاہم آسٹریلوی ٹیم کی پاکستان آمد کے لیے انہیں ابھی مزید اقدامات کرنے ہوں گے۔

کیون رابرٹس نے کہا کہ سب سے خوش آئند عمل یہ ہے کہ وزارت داخلہ نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے لیے توجہ مرکوز کر رکھی ہے۔ دورے کے دوران ہم نے چند ہی ماہ قبل پاکستان پہنچنے والے آسٹریلیا ہائی کمیشن سے بھی ملاقات کی۔ وہ بھی پی سی بی اور کرکٹ آسٹریلیا کے درمیان تعلقات میں بہتری کے لیے کوششیں کررہے ہیں۔ شہر کے دورے کے دوران ہم نے کرکٹ کی سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔

پی سی بی پوڈ کاسٹ کے تیسرے ایڈیشن میں قومی کرکٹ ٹیم کے بالنگ کوچ وقار یونس اور فاسٹ بالر حسن علی کے انٹرویوز بھی شامل ہیں۔ وقار یونس نے انٹرویو کے دوران مستقبل کی حکمت عملی بتانے کے ساتھ ساتھ نوجوان فاسٹ بالرز کی تربیت اور ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ میں آسٹریلیا کے خلاف اپنی منصوبہ بندی کے حوالے سے بھی تفصیلات سے آگاہ کیا۔پوڈ کاسٹ میں حسن علی نے وکٹ حاصل کرنے کے بعد اپنے مخصوص انداز میں جشن منانے کے طریقہ کار اور جنریٹر کے نام سے مشہور ہونے پر اظہار خیال کیا۔

قائداعظم ٹرافی کے ایک میچ کے دوران حسن علی کی ان کے مداح کے ہمراہ ایک ویڈیو کو سوشل میڈیا پر 61.3 ہزار ناظرین نے دیکھا۔ان 3 انٹرویوز کے علاوہ قائداعظم ٹرافی اور نیشنل ویمن ٹرائنگولر چمپئن شپ کی تازہ ترین معلومات بھی پی سی بی پوڈکاسٹ کے تیسرے ایڈیشن کا حصہ ہیں۔
وقت اشاعت : 20/09/2019 - 23:21:09

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :