عمر اکمل نے اوٹی سی لاہور چیلنج کپ کو انقلابی قدم قراردے دیا

کلب اور اسکول کرکٹ کے بغیرباصلاحیت کھلاڑی ملنا ممکن نہیں :سٹار بلے باز

جمعرات 2 جنوری 2020 21:40

عمر اکمل نے اوٹی سی لاہور چیلنج کپ کو انقلابی قدم قراردے دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 جنوری2020ء) سٹار بلے باز عمر اکمل نے اوٹی سی لاہور چیلنج کپ ون ڈے کلب کرکٹ ٹورنامنٹ کو لاہور میں کلب کرکٹ کی بحالی کی جانب اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کوالٹی کرکٹرز کے تسلسل کے ساتھ سامنے لانے کے لئے کلب اور سکول کی سطح پر تسلسل کے ساتھ مقابلے کروانا ضروری ہے بلے باز نے پی ایس ایل کے تمام میچز کے پاکستان میں انعقادپر خوشی کا اظہار کیا ہے ۔

اوٹی سی لاہور چیلنج کپ ون ڈے کلب کرکٹ ٹورنامنٹ کے میچ میں اپنی کلب کی قیادت کرنے والے سٹار بلے باز عمر اکمل نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ وہ خود کلب اور سکول کرکٹ کی پراڈکٹ ہیں اور آج بھی جیسے ہی فارغ ہوتے ہیں فوری طور پر کلب کرکٹ کھیلنے میدان میںآتے ہیں ۔انہوںنے لاہور چیلنج کپ کو کلب کرکٹ کی بحالی کی جانب اہم قدم قراردیتے ہوئے کہا کہ جس طرح گذشتہ کافی عرصے کلب کی سطح ) پر کسی قسم کی کوئی کرکٹ نہیں ہورہی اس صورت حال میں اوٹی سی انتظامیہ نے لاہور چیلنج کپ کا انعقاد کرواکر ایک انقلابی قدم اٹھایا ہے ان کا کہنا تھا کہ وہ طویل عرصے بعد لاہور میں اس طرز کے ٹورنامنٹ میں کھیل رہے ہیں اور ان کی کوشش ہو گی کہ وہ اپنی کلب کی ٹیم کوفائنل تک لے کر جائیں ۔

(جاری ہے)

عمر اکمل نے قائد اعظم ٹرافی میں اپنی عمدہ کارکردگی کا کریڈٹ سینٹر ل پنجاب کے ہیڈ کوچ اعجاز احمد جونئیر کو دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جس طرح قائد اعظم ٹرافی میں مجھے پلان بناکر دیا میںنے اسی پر عمل کرتے ہوئے کرکٹ کھیلی اور اس کے نتیجے میں نہ صرف فائنل میں ڈبل سنچری اسکور کی بلکہ باقی ٹورنامنٹ میں بھی عمدہ کارکردگی دکھائی ہے اور کوشش ہے کہ اس پلان پر عمل کرتے ہوئے جلد اپنی کارکردگی کی بنیاد پر قومی ٹیم میں واپس آئوں ۔

بلے باز نے پی ایس ایل کے تمام میچز کے پاکستان میں انعقاد اور ملک میں مکمل بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کرکٹ کی بڑی کامیابی ہے اور امید ہے کہ اب تمام ٹیمیں پاکستان آکر کھیلیں گی ۔عمر اکمل نے کرکٹ کی واپسی پر وزیر اعظم پاکستان عمر ان خان ،آرمی چیف جنرل قمر باجوہ،چیئرمین پی سی بی احسان مانی ،چیف ایگزیکٹیو وسیم اور ڈائریکٹر انٹر نیشنل ذاکر خان سمیت تمام بورڈ انتظامیہ کو مبارک باددیتے ہوئے کہا کہ ملک میں بھرپور بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی اور خاص طور پر پی ایس ایل کے انعقاد سے پاکستان کو بہت سے سٹارکرکٹر ز میسر آئیں گے۔
وقت اشاعت : 02/01/2020 - 21:40:20

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :