دلچسپ انکشاف، وہ بھارتی شخصیت جس نے بنگلہ دیش کو پاکستان کا دورہ کرنے کیلئے راضی کیا

دبئی میں ہونے والے ملاقات کے دوران آئی سی سی کے صدر ششانک منوہر نے پی سی بی اور بی سی بی کے درمیان معاملات طے کروائے

muhammad ali محمد علی منگل 21 جنوری 2020 22:14

دلچسپ انکشاف، وہ بھارتی شخصیت جس نے بنگلہ دیش کو پاکستان کا دورہ کرنے کیلئے راضی کیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جنوری2020ء) دلچسپ انکشاف، وہ بھارتی شخصیت جس نے بنگلہ دیش کو پاکستان کا دورہ کرنے کیلئے راضی کیا، دبئی میں ہونے والے ملاقات کے دوران آئی سی سی کے صدر ششانک منوہر نے پی سی بی اور بی سی بی کے درمیان معاملات طے کروائے۔ تفصیلات کے مطابق انکشاف ہوا ہے کہ ایک بھارتی شخصیت نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو پاکستان کا دورہ کرنے کیلئے راضی کیا۔

بتایا گیا ہے کہ کچھ روز قبل دبئی میں ایک میٹنگ ہوئی تھی جس میں پی سی بی حکام، بی سی بی حکام اور آئی سی سی صدر ششانک منوہر نے شرکت کی تھی۔ اس ملاقات میں بھارت سے تعلق رکھنے والے آئی سی سی صدر ششانک منوہر نے دونوں ممالک کے کرکٹ بورڈز کے درمیان معاملات طے کروائے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں پہلے نمبر پر موجود پاکستان کی ٹیم 24 جنوری بروز جمعہ کو بنگلہ دیش کے خلاف پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں مدمقابل آئے گی۔

(جاری ہے)

تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کے تمام میچز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں بنگلہ دیش کے خلاف پاکستان کی جیت کا تناسب 80 فیصد ہے۔ اب تک 10 میچوں میں ایک دوسرے کے مدمقابل آنے والی ٹیموں میں 8 میچز پاکستان اور 2 بنگلہ دیش نے جیتے۔ پاکستان 2008 میں بھی بنگلہ دیش ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹیم کی میزبانی کرچکا ہے۔ 20 اپریل 2008 کو کراچی میں کھیلے گئے ٹی ٹونٹی میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 102 رنز سے ہرایا تھا۔

دونوں ٹیمیں آخری مرتبہ آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2016 میں ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں تھیں۔ 16 مارچ 2016 کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 55 رنز سے شکست سے دوچار کیا تھا۔ اسی طرح دونوں ٹیمیں پہلی مرتبہ 2 ستمبر 2007 کو کینیا کے شہر نیروبی میں آمنے سامنے آئیں تھیں، جہاں پاکستان نے 30 رنز سے کامیابی اپنے نام کی۔ میچ میں پاکستان کی قیادت کرنے والے شعیب ملک حالیہ سیریز میں قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ کا حصہ ہیں تاہم جمعہ سے شروع ہونے والی سیریز میں قومی ٹیم کی قیادت بابراعظم کررہے ہیں۔

سیریز میں شرکت کے لیے بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم 22 جنوری کی رات لاہور پہنچے گی۔ مہمان ٹیم 24، 25 اور 27 جنوری کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میچز کھیلے گی۔ شیڈول کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیمیں 23 جنوری دوپہر 1 سے شام 4 بجے تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ٹریننگ کریں گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان تینوں ٹی ٹونٹی میچز دن کی روشنی میں کھیلے جائیں گے۔ میچز کے لیے ٹاس ڈیڑھ بجے ہوگا جبکہ تینوں روز میچ میں کھیل کا باقاعدہ آغاز دوپہر 2 بجے ہوگا۔ دونوں ٹیمیں دوسرے اور تیسرے ٹی ٹونٹی میچ کے درمیان 26 جنوری بروز اتوار کو بھی پریکٹس سیشن میں شرکت کریں گی۔ 27 جنوری کو آخری ٹی ٹونٹی میچ کھیلنے کے بعد مہمان ٹیم 28 جنوری کو وطن واپس روانہ ہوجائے گی۔
وقت اشاعت : 21/01/2020 - 22:14:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :