سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں قید کی سزا، ناصر جمشید کی اہلیہ نے دل کا حال سنا دیا

امید ہے ناصر کی سزا سے دوسرے سبق سیکھیں گے،دعا ہے گزشتہ3برس سےہم جس تکلیف میں تھے اس سے کوئی اورنہ گزرے: ڈاکٹر سمارا افضل

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 8 فروری 2020 12:34

سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں قید کی سزا، ناصر جمشید کی اہلیہ نے دل کا حال سنا دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔8فروری2020ء ) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز ناصر جمشید کو سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں سزا سنائے جانے کے بعد ان کی اہلیہ کا کہنا ہے کہ یہ میری زندگی کامشکل ترین دن ہے۔تفصیلات کے مطابق مانچسٹر کراﺅن کورٹ نے ناصر جمشید کو 17 مہینے، یوسف انور کو ساڑھے تین سال اور اعجاز احمد کو ڈھائی سال قید کی سزا سنائی ہے۔

عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد تینوں ملزموں کو کمرہ عدالت سے گرفتار کر کے پولیس وین کے ذریعے جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق مانچسٹر کراﺅن کورٹ کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد ناصر جمشید کی اہلیہ ڈاکٹر سمارا افضل نے اسے اپنی زندگی کا مشکل ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا کہ’’امید ہے کہ ناصر کی سزا سے دوسرے سبق سیکھیں گے اور میری دعا ہے کہ گزشتہ تین برس سے ہم جس تکلیف میں تھے اس سے کوئی اور نہ گزرے‘‘۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ لندن کی نیشنل کرائم ایجنسی کی تحقیقات کے دوران ناصر جمشید کو سپاٹ فکسنگ کیس میں گرفتار کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق گروپ نے بنگلا دیش پریمئیر لیگ 2016ء اور پی ایس ایل2017ء ’’طے‘‘ کرنے کی کوشش کی تھی۔اوپننگ بیسٹمین کو رقم کے عوض اوور کی پہلی دو گیندوں پر رن نہ بنانے پر راضی کیا گیا تھا۔2016ء میں ناصر جمشید نے خفیہ اہلکار کو بتایا کہ بنگلادیش پریمیئر لیگ (بی پی ایل) کے چھ کھلاڑی اس کے لیے کام کر رہے ہیں۔

مانچسٹر کراؤن کورٹ کو بتایا گیا کہ فی میچ 30 ہزار پاؤنڈ کی رقم کھلاڑیوں میں تقسیم ہونا تھی۔ناصر جمشید نے شروع میں پی ایس ایل میں رشوت کی تردید کے بعد کورٹ میں اعتراف کیا تھا۔ناصر جمشید پر گزشتہ برس پی سی بی نے کرکٹ کھیلنے پر 10 برس کی پابندی عائد کی تھی جب کہ خالد لطیف اور شرجیل خان پر بھی 5 ،5 سال کی پابندی عائد کی گئی تھی۔
وقت اشاعت : 08/02/2020 - 12:34:55

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :