پاکستان اور جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے مابین ٹی ٹونٹی سیریز کی ممکنہ تاریخیں سامنے آگئیں

پروٹیزکرکٹ ٹیم 25، 27 اور 29 مارچ کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں 3 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی، ذرائع

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 13 فروری 2020 17:17

پاکستان اور جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے مابین ٹی ٹونٹی سیریز کی ممکنہ تاریخیں سامنے آگئیں
اسلام آباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔13فروری2020ء ) جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کا شیڈول فائنل کرلیا گیا۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ نے اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے کیلئے حامی بھرلی ہے۔ اس حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے شیڈول فائنل کرلیا ہے۔ ذرائع کے مطابق جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم 25، 27 اور 29 مارچ کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں 3 ٹی ٹونٹی میچز کھیلے گی۔

خیال رہے کہ جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم کا دورہ بھارت 18 مارچ کو ختم ہو رہا ہے جب کہ پی ایس ایل سیزن کا پانچواں سیزن 22 مارچ کو ختم ہورہا ہے، اسی وجہ سے پاکستان کرکٹ بورڈ نے فیصلہ کیا ہے کہ جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی ٹونٹی میچز 25، 27 اور 29 مارچ کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ سیریز کے سلسلے میں سیکیورٹی وفد پاکستان بھیجنے پر غور کر رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ اپنا سیکیورٹی وفد پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں سیزن کے دوران پاکستان بھیجے گا۔ ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اگر سکیورٹی وفد پاکستان میں سکیورٹی کو مطمئن قرار دیتا ہے تو جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم 2021ء میں پاکستان کا مکمل دورہ کرسکتی ہے، جس میں ٹی ٹونٹی اور ون ڈے سیریز سمیت ٹیسٹ سیریز بھی شامل ہوگی۔

اس سے قبل پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر وسیم خان بھی دعویٰ کرچکے ہیں کہ جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔ اس حوالے سے کرکٹ شائقین بھی خوش نظر آتے ہیں۔ 2009ء میں سری لنکن کرکٹ ٹیم پر لاہور میں حملے کے بعد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ ختم ہوگئی تھی تاہم اس حادثے کے بعد سے ہی پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی کی کوششیں تیز کردی تھیں۔

اس حوالے سے زمبابوے کرکٹ ٹیم، سری لنکن کرکٹ ٹیم ، ورلڈ الیون اور بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا جبکہ پاکستان سپر لیگ کے کچھ میچز بھی پاکستان میں منعقد کروائے گئےتاہم اب جنوبی افریقی کرکٹ ٹیم نے 3 ٹی ٹونٹی میچز پر مشتمل سیریز کیلئے مارچ کے آخر میں پاکستان کا دورہ کرنے کی حامی بھر لی ہے۔
وقت اشاعت : 13/02/2020 - 17:17:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :