سہیل خان ،وہاب ریاض اور روی بوپارہ بال ٹیمپرنگ کرتے ہیں: عماد وسیم کا الزام

کسی بھی ٹیم کا کھلاڑی بال ٹیمپرنگ میں ملوث پایا جائے تو اس کے کپتان پر بھی پابندی لگادی جائے :کپتان کراچی کنگز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 20 فروری 2020 14:36

سہیل خان ،وہاب ریاض اور روی بوپارہ بال ٹیمپرنگ کرتے ہیں: عماد وسیم کا الزام
کراچی (اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار۔20فروری 2020ء ) کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے انکشاف کیا ہے کہ فاسٹ باؤلر سہیل خان ،وہاب ریاض اور آل راؤنڈر روی بوپارہ گیند کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتے ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل )کے 5ویں ایڈیشن کے آغاز سے قبل میچ ریفری روشن ماہنامہ نے 4کپتانوں سے ملاقات کی جس میں روش ماہنامہ نے تمام کپتانوں کو آگا ہ کیا کہ اگر لیگ کے دوران کسی کھلاڑی نے گیند سے چھیڑ چھاڑ کی تو اس سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے میچ ریفری کو کہا کہ کچھ کھلاڑی ایسے ہیں جو گیند خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں اور پکڑے بھی نہیں جاتے تاہم انہوں نے نام بتانے سے گریز کیا ۔ اس کے بعد پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے اپنی گفتگو کے دوران کہا کہ جب عماد وسیم نے یہ الزا م لگایا ہے تو انہیں کھلاڑیو ں کے نام بھی بتانے چاہیئیں جس کے بعد عماد وسیم کا کہنا تھا کہ وہاب ریاض،سہیل خان اور روی بوپارہ گیند کے ساتھ چھیڑ خانی کرتے ہیں ،دلچسپ بات یہ تھی کہ سہیل خان اور روی بوپارہ نے گزشتہ سیزنز میں کراچی کنگز کی نمائندگی کررکھی تھی جس کی کپتان اس سال عماد وسیم کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عماد وسیم کا کہنا تھا کہ انہوں نے پاکستان سپر لیگ کی بھلائی کے لیے تجویز دی تھی کہ اگر کسی بھی ٹیم کا کھلاڑی بال ٹیمپرنگ میں ملوث پایا جائے تو اس کے کپتان پر بھی پابندی لگادی جائے پھر چاہے وہ میں ہی کیوں نہ ہوں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ وہ دنیا کو پیغام دینا چاہتے تھے کیوں کہ اگر پی ایس ایل میں ایسا کوئی کیس سامنے آیا تو اس سے دنیا بھر میں پاکستان کی بدنامی ہوگی۔

وقت اشاعت : 20/02/2020 - 14:36:22

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :