پی ایس ایل ، بین ڈنک ایک اننگز میں زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بنا ڈالا

لاہور قلندرز کے بلے باز نے 10 چھکے لگائے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 3 مارچ 2020 20:48

پی ایس ایل ، بین ڈنک ایک اننگز میں زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بنا ڈالا
راولپنڈی(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔3مارچ2020ء ) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز کے بین ڈنک نے لیگ کی تاریخ میں ایک اننگز میں زیادہ چھکوں کا ریکارڈ بنا ڈالا۔لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے ایونٹ کے 16ویں میچ میں لاہور قلندرز کی طرف سے فخر زمان اور کرس لین نے اننگز کا آغاز کیا۔دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کو 36رنز کا آغاز فراہم کیا جس کے بعد فخر زمان ایک مرتبہ پھر ناکامی سے دوچار ہو کر صرف 14رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

سکور 49 تک پہنچا ہی تھا کہ محمد حسنین نے ٹیم کو اہم کامیابی دلاتے ہوئے آسٹریلیا سے آئے کرس لین کی اننگز کا خاتمہ کردیا لیکن قلندرز کو اصل دھچکا اس وقت لگا جب اگلے اوور میں محمد حفیظ پہلی ہی گیند کر شین واٹسن کے شاندار کیچ کے نتیجے میں پویلین واپسی پر مجبور ہو گئے۔

(جاری ہے)

اس کے بعد بین ڈنک اور سمیت پٹیل کی جوڑی وکٹ پر یکجا ہوئے اور دونوں کھلاڑیوں نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں نصف سنچری شراکت قائم کرتے ہوئے ٹیم کی نصف سنچری مکمل کرائی۔

بین ڈنک نے نسبتاً جارحانہ انداز اپناتے ہوئے اپنی نصف سنچری سکور کی اور محمد نواز کو ایک اوور میں 4 چھکے لگائے،ڈنک اور سمیت پٹیل نے شاندار جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے گلیڈی ایٹرز کے تمام باؤلرز کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کی دوسری سب سے بڑی شراکت قائم کرتے ہوئے چوتھی وکٹ کے لیے 155رنز جوڑے۔

اننگز کے آخری اوور میں سمیت پٹیل 40 گیندوں پر 2 چھکوں اور 9چوکوں کی مدد سے 71رنز بنا کر کٹنگ کی وکٹ بنے۔

بین ڈنک نے 43گیندوں پر 10چھکوں اور 3چوکوں کی مدد سے 93رنز کی اننگز کھیلی اور اننگز کی آخری گیند پر کیچ ہوئے۔قلندرز نے مقررہ اوورز میں 5وکٹوں کے نقصان پر 209رنز کا مجموعہ سکور بورڈ کی زینت بنایا۔یہ پی ایس ایل کی تاریخ میں ایک اننگز میں لگنے والے چھکوں کی سب سے بڑی تعادد ہے،اس سے قبل عمراکمل ،کامران اکمل، کیون پیٹرسن،کولن انگرام اور کیمرون ڈیلپورٹ نے پی ایس ایل کی ایک اننگز میں8 ،8چھکے رسید کیے تھے،شین واٹسن کامران اکمل،اینٹون ڈیوچچ،شرجیل خان، صہیب مقصود اور محمد حفیظ نے پی ایس ایل میں ایک اننگز میں 7،7 چھکے لگا رکھے ہیں۔

اس سے قبل کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ وکٹ میں ابتدا میں تھوڑی نمی ہوتی ہے جس سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گے اور کم سے کم رنز تک محدود کر کے میچ جیتنے کی کوشش کریںگے۔سرفراز نے بتایا کہ ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے اور سہیل خان کی جگہ فواد احمد کو فائنل الیون میں شامل کیا گیا ہے۔

لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے سازگار لگ رہی ہے اور کوشش کریں گے کہ اتدائی 6اوورز میں تیزی سے اسکور کر سکیں۔انکا کہنا تھا کہ ہم اس وکٹ پر 160-170رنز اسکور کرنے کی کوشش کریںگے۔لاہور قلندرز نے اپنی ٹیم میں تین تبدیلیاں کی ہیں اور ڈیوڈ ویزے، معاذ خان اور ڈین ویلاس کی جگہ سکیگو پرسنا، محمد فیضان اور بین ڈنک کو سکواڈ کا حصہ بنایا ہے۔
وقت اشاعت : 03/03/2020 - 20:48:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :