پی ایس ایل 5 کھیلنے والے ایلکس ہیلز کا کورنا وائرس ٹیسٹ مثبت ہونیکی خبر جھوٹی نکلی

میرے بارے میں جھوٹی خبریں پھیلانا بند کریں،یہ انتہائی خطرناک رویہ ہے: برطانوی کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 17 مارچ 2020 16:34

پی ایس ایل 5 کھیلنے والے ایلکس ہیلز کا کورنا وائرس ٹیسٹ مثبت ہونیکی خبر جھوٹی نکلی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17مارچ2020ء ) کراچی کنگز کے برطانوی بلے باز ایلکس ہیلز کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آنے کی خبر جھوٹی نکلی۔ تفصیلات کےمطابق جس وقت لاہور میں سیمی فائنل اور فائنل میچ کروانے کی تجویز دی گئی تو پی ایس ایل کی تین فرنچائز ز نے اعتراض کیا تھا کہ کراچی میں ٹیمیں موجود ہیں اور کراچی میں ہی باقی میچ کروائے جائیں جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیموں کے درمیان ووٹنگ کروائی تھی ۔

ووٹنگ کے دوران تین ٹیموں نے لاہور میں کروانے اور تین نے کراچی میں کروانے کیلئے ووٹ دیا اور یوں ووٹ برابر ہو گئے جسکے بعد پی سی بی نے اپنا اختیار استعمال کرتے ہوئے میچز لاہور میں کروانے کا فیصلہ کیا جن تین ٹیموں نے لاہور میں میچز کروانے کیخلاف ووٹ دیا تھا ان میں سے ایک ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز تھی جو کہ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی جبکہ کراچی کنگز نے بھی کراچی میں ہی میچز کروانے کیلئے ووٹ دیا ۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی نے دعویٰ کیا کہ کراچی کنگز کے برطانوی بلے باز ایلکس ہیلزکی طبیعت ناساز تھی جس پر انہوں نے وطن واپس جاکر کرونا وائرس کا ٹیسٹ کروانے کے بعد خود کو آئی سولیشن میں کر دیا جس کے بعد گلف نیوز نے خبر دی کہ انکا ٹیسٹ مثبت آیا ہے تاہم برطانوی بلے باز نے اپنے ایک ٹویٹ میں ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ’’میرے بارے میں جھوٹی خبریں پھیلانا بند کریں،یہ انتہائی خطرناک رویہ ہے‘‘،
۔

ایلکس ہیلز نے ایک تفصیلی وضاحتی بیان بھی جاری کرتے ہوئے کہا کہ دیگر غیرملکی کھلاڑیوں کی طرح میں نے بھی عالمی سطح پر کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نہ چاہتے ہوئے پاکستان سپہر لیگ ادھوری چھوڑ دی۔ان کا کہنا تھا کہ میں یہ محسوس کرتا تھا کہ ہزاروں میل دور لاک ڈاؤن میں رہنے کے بجائے میرا اپنے اہلخانہ کے ساتھ رہنا زیادہ ضروری ہے۔

ہیلز نے کہا کہ میں ہفتے کی صبح برطانیہ آ گیا تھا اور مکمل طور پر صحتمند ہوں جبکہ مجھ میں وائرس کی کسی بھی قسم کی علامات ظاہر نہیں ہوئی تھیں۔البتہ اتوار کی صبح بیدار ہوا تو مجھے کچھ بخار تھا اور میں نے حکومتی ہدایات کی روشنی میں خود کو محدود کر لیا اور ابھی بھی مجھے کچھ کھانسی ہے۔جارح مزاج انگلش بلے باز نے کہا کہ ابھی وائرس کا ٹیسٹ ممکن نہیں لیکن مجھے امید ہے کہ آج میں کسی وقت ٹیسٹ کرانے کے بعد اس حوالے سے مکمل تصدیق کر سکوں گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے میچز منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا گیاہے اور ٹویٹر پر جاری پیغام میں کہا گیاکہ ملتوی کیے جانے والے میچز کا شیڈول جلد ہی دوبارہ جاری کیا جائے گا اور اس حوالے سے تفصیلات بعد میں فراہم کی جائیں گی ۔ پی سی بی نے براڈ کاسٹنگ ٹیم کو بھی آگاہ کر دیاہے جسکے بعد انہوں نے قذافی سٹیڈیم میں لگائے گئے کیمرے اور دیگر سازو سامان اتارنا شروع کر دیا ہے اورواپسی کیلئے تیاری پکڑ لی ہے ۔
وقت اشاعت : 17/03/2020 - 16:34:40

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :