اظہر علی کا کورونا ریلیف فنڈ میں 10لاکھ روپے دینے کا اعلان

ضرورت کی اس گھڑی میں ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ،اللہ ہمارے گناہ معاف کرے اور ہم سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے: ٹیسٹ کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 31 مارچ 2020 11:31

اظہر علی کا کورونا ریلیف فنڈ میں 10لاکھ روپے دینے کا اعلان
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔31مارچ2020ء ) وزیراعظم عمران خان کی جانب سے کورونا ریلیف فنڈ قائم کیے جانے کے اعلان کے بعد معروف شخصیات نے فنڈز دینے کے اعلانات شروع کردئیے ۔پشاور زلمی کے مالک جاوید آفریدی کے بعد ٹیسٹ کپتان اظہر علی نے بھی رقم عطیہ کرنے کا اعلان کردیا ۔مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر انہوں نے کہا کہ ’’کوروناوائرس سے نمٹنے کے لیے وزیراعظم کے اعلان کردہ ریلیف فنڈمیں دس لاکھ روپے دوں گا ،ضرورت کی اس گھڑی میں ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ،اللہ ہمارے گناہ معاف کرے اور ہم سب کو اپنے حفظ و امان میں رکھے‘‘ ۔

یاد رہے کہ اس سے پہلے سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کی جانب سے پی سی بی نے50لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا تھا،بورڈ کے جنرل منیجر اور اس سے زیادہ کا سٹاف 2 دن جب کہ دیگر ملازمین ایک دن کی تنخواہ عطیہ کریں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی آئے روز کورونا وائرس کے کیسز میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور سندھ، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں مزید 88 کیسز کی تصدیق کے بعد ملک میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1863 ہوگئی۔سندھ میں مزید سامنے آنیوالے 61 کیسز میں سے 45 کراچی سے ہیں، اس کے علاوہ 14 کیسز حیدرآباد سے رپورٹ ہوئے اور ان تمام افراد کا تعلق تبلیغی جماعت سے ہے اور 2 کیسز جامشورو سے رپورٹ ہوئے۔
وقت اشاعت : 31/03/2020 - 11:31:39

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :