جو میرے خاندان کے ساتھ ہوا وہ انتہائی خوفناک ہے:سریش رائنا

میرے ماموں کو ذبح کیا گیا ، میری بوا اور دونوں کزنوں کو شدید چوٹیں آئیں، بدقسمتی سے ایک کزن کئی دن زندگی کی لڑائی کے بعد گذشتہ رات چل بسا ،میری بوا کی حالت اب بھی بہت نازک ہے اور وینی لیٹر پر ہے: سابق بھارتی کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 1 ستمبر 2020 14:09

جو میرے خاندان کے ساتھ ہوا وہ انتہائی خوفناک ہے:سریش رائنا
چندی گڑھ (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ یکم ستمبر 2020ء ) بھارت کے حال ہی میں ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے کرکٹر سریش رائنا کا کہنا ہے کہ پٹھانکوٹ میں ان کے خاندان کے ساتھ جو ہوا وہ انتہائی خوفناک ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 34 سالہ سریش رائنا کے ماموں اشوک کمار کو پٹھانکوٹ میں قتل کیا گیا، واقعہ 19 اور 20 اگست کی درمیانی شب ڈکیتی میں مزاحمت پر پیش آیا ، وہ سرکاری ملازم تھے۔

مقتول کے بڑے بھائی شیام لال نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ سریش رائنا جلد ہی گاؤں کا دورہ کریں گے۔ دوسری جانب پولیس نے بتایا ہے کہ کالے کچھے والے گینگ کے ارکان نے ترپال گاؤں میں اشوک کمار کے گھر پر دھاوا بولا۔ وہ اس وقت چھت پر سورہے تھے، ان کے سر میں چوٹیں آئیں اور وہ اسی رات جان کی بازی ہارگئے۔

(جاری ہے)

اس جرم کی تفصیلات بتاتے ہوئے سریش رائنا نے ٹویٹ کیا کہ ’’پنجاب میں میرے کنبے کے ساتھ جو ہوا وہ انتہائی خوفناک ہے، میرے ماموں کو ذبح کردیا گیا ، میری بوا اور میرے دونوں کزنوں کو شدید چوٹیں آئیں۔

بدقسمتی سے میرا ایک کزن بھی کئی دن زندگی کی لڑائی کے بعد گذشتہ رات چل بسا ،میری بوا کی حالت اب بھی بہت نازک ہے اور وینی لیٹر پر ہے ‘‘،
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’’ہم آج تک نہیں جانتے کہ اس رات واقعی میں کیا ہوا تھا اور کس نے ایسا کیا تھا۔ میں پنجاب پولیس سے درخواست کرتا ہوں اور اس معاملے کو دیکھیں۔ ہم کم از کم یہ جاننے کے مستحق ہیں کہ ان کے ساتھ یہ گھناؤنی حرکت کس نے کی ہے۔

ان جرائم پیشہ افراد کو کیفر کردار تک پہنچانا چاہیئے‘‘۔
یاد رہے کہ سریش رائنا نے حال میں نجی مصروفیات کے باعث رواں برس انڈین پریمیئر لیگ سے دستبرداری کا اعلان کیا ہے ،وہ انڈین پرمیئر لیگ کی تاریخ کے دوسرے کامیاب ترین بلے باز ہیں جنہوں نے اب تک 193 میچز میں 33.34 کی اوسط سے 5368 رنز سکور کررکھے ہیں جس میں ایک سنچری اور 38 نصف سنچریاں شامل ہیں ، انہوں نے یہ رنز 137.11 کے سٹرائیک ریٹ سے سکور کیے۔
وقت اشاعت : 01/09/2020 - 14:09:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :