کمار دھرماسینا کا انٹرنیشنل میچز کی خاطر آئی پی ایل کو انکار

سری لنکن امپائر نے 14 اکتوبر سے شروع ہونیوالی سری لنکا اور بنگلہ دیش سیریز کی خاطر آئی پی ایل میں امپائرنگ کی پیشکش ٹھکرائی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 8 ستمبر 2020 16:45

کمار دھرماسینا کا انٹرنیشنل میچز کی خاطر آئی پی ایل کو انکار
کولمبو (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 ستمبر 2020ء ) سری لنکن امپائر کمار دھرما سینا نے 14 اکتوبر سے شروع ہونے والی سری لنکا بمقابلہ بنگلہ دیش سیریز کی خاطر آئی پی ایل میں امپائرنگ کی پیشکش ٹھکرا دی۔ آئی سی سی نے میچ ریفری رنجن مدوگالے کے ساتھ آئندہ سال 31 جولائی تک سری لنکن سرزمین پر ہونے والے تمام مقابلوں کیلئے 49 سالہ امپائر کی تقرری کردی ہے ۔

یاد رہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے زیراہتمام انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کا 13 واں ایڈیشن متحدہ عرب امارات میں 19 ستمبر سے شروع ہوگا، انڈین پریمیر لیگ کے فائنل سمیت تمام میچز یواے ای کے 3 مقامات دبئی، شارجہ اور ابوظہبی میں کھیلے جائیںگے، لیگ کا فائنل میچ 10 نومبر کو کھیلا جائیگا اور لیگ میں فائنل سمیت 53 میچز کھیلے جائیںگے۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ انتظامیہ کے مطابق یہ ایونٹ رواں سال 29 مارچ سے بھارت میں شیڈول تھا لیکن عالمی وبا کورونا وائرس کی وجہ سے 15 اپریل تک ملتوی کردیا گیا تھا۔

ہندوستانی وزیر اعظم نریندر مودی کے 14 اپریل کو اس اعلان کے بعد کہ بھارت میں لاک ڈاون کم از کم 3 مئی 2020ء تک جاری رہیگا، بی سی سی آئی نے ٹورنامنٹ کو غیر معینہ مدت کیلئے معطل کردیا۔ 2 اگست 2020ء کو اس بات کی تصدیق ہوگئی کہ یہ ٹورنامنٹ 19 ستمبر سے 10 نومبر 2020ء کے درمیان متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائیگا۔ واضح رہے کہ 2014ء میں ہندوستان میں انتخابات کی وجہ سے آئی پی ایل کا آدھا سیزن یو اے ای منتقل ہوگیا تھا یوں متحدہ عرب امارات اس سے قبل 2014ء میں آئی پی ایل کے میچز کی میزبانی کرچکا ہے۔

آئی پی ایل کے 13 ویں ایڈیشن میں 8 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزمائی کرینگی۔ ممبئی انڈینز کی ٹیم لیگ میں ٹائٹل کا دفاع کریگی۔ ممبئی انڈینز کی ٹیم سب سے زیادہ 4 مرتبہ لیگ کا ٹائٹل اپنے نام کرچکی ہے۔ لیگ کا پہلا ایڈیشن 2008ء میں کھیلا گیا تھا جو راجستھان رائلز نے جیتا تھا۔ شین واٹسن راجستھان رائلز کی قیادت کی تھی۔ لیگ میں اب تک بھارت کے ویرات کوہلی 5412 رنز کیساتھ ٹاپ سکورر جبکہ سری لنکا کے فاسٹ بائولر لاستھ مالنگا نے 170 وکٹوں کے ساتھ سب سے زیادہ وکٹ حاصل کی ہیں۔
وقت اشاعت : 08/09/2020 - 16:45:06

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :