قائد اعظم ٹرافی کھیلنے والے بسم اللہ خان کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا

بسم اللہ خان میچ کے تیسرے روز آغا خان ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں7گھنٹے زیر علاج رہے ،پھر بھی میچ مکمل کروایا گیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 4 نومبر 2020 15:46

قائد اعظم ٹرافی کھیلنے والے بسم اللہ خان کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت آگیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 نومبر 2020ء ) قائد اعظم ٹرافی میں شریک ٹیموں پر بھی کورونا وائرس کا حملہ ہوگیا ۔ بلوچستان کے وکٹ کیپر بلے باز بسم اللہ خان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد کراچی میں بنائے گئے بائیو سکیور ببل میں موجود تمام چھ ڈومیسٹک ٹیموں کے کھلاڑی اور آفیشلز شدید پریشانی کا شکار ہوگئے ہیں۔ وکٹ کیپر بسم اللہ خان میچ کے تیسرے روز آغا خان ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں سات گھنٹے تک زیر علاج رہے جہاں ان کے تین ٹیسٹ ہوئے لیکن پھر بھی میچ نہ روکا گیا بلکہ میچ مکمل کروایا گیا۔

یاد رہے کہ برطانیہ میں ایک ایسے کیس میں پورا میچ منسوخ کردیا گیا تھا۔ پی سی بی حکام نے ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد بسم اللہ خان کو آئیسولیٹ کرنے کے ساتھ ساتھ کھلاڑیوں پر ان سے ملنے پر پابندی عائد کردی ہے ۔

(جاری ہے)

مصدقہ ذرائع کے مطابق کورونا وائرس کی علامات سامنے آنے کے بعد 2 نومبر کو پی سی بی کی جانب سے بسم اللہ خان کا ٹیسٹ کرایا گیا تھا جس کا نتیجہ مثبت آیا ہے ۔

پاکستان میں ڈومیسٹک سیزن کے دوران پہلی بار کسی کھلاڑی کا ٹورنامنٹ کے دوران کوویڈ 19 ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ پی سی بی کی جانب سے ہنگامی طور پر تمام کھلاڑیوں ،آفیشلز ، امپائروں اور میچ ریفریز کا کورونا ٹیسٹ کرایا گیا ہے جس کی رپورٹ منفی آگئی ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے کھلاڑیوں کو مزید محتاط رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
وقت اشاعت : 04/11/2020 - 15:46:26

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :