کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ ، بھارتی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر زمبابوے اور آئرلینڈ سے بھی پیچھے

آسٹریلیا کا 40 پوائنٹس کیساتھ پہلا ،انگلینڈ کا30 پوائنٹس کیساتھ دوسرا ،پاکستان کا 20 پوائنٹس کیساتھ تیسرا نمبر،زمبابوے اورآئرلینڈ کے 10،10 پوائنٹس،بھارتی ٹیم ابتک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کرسکی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 30 نومبر 2020 15:57

کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ ، بھارتی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر زمبابوے اور آئرلینڈ سے بھی پیچھے
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 30نومبر 2020ء ) آسٹریلیا کے خلاف مسلسل 2 ون ڈے میچز میں شکستوں کے سبب آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ میں بھارتی ٹیم اب زمبابوے اور آئرلینڈ سے بھی پیچھے رہ گئی ہے جب کہ پاکستان اس وقت تیسرے نمبر پر ہے۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کے انعقاد کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔ ورلڈ کپ سپر لیگ 2023ء میں بھارت میں شیڈول کرکٹ ورلڈ کپ کا کوالیفائنگ مرحلہ بھی ہے۔

لیگ رواں سال مئی میں شروع ہونا تھی لیکن کورونا وائرس کی صورتحال کے پیش نظر اسے موخر کردیا گیا تھا، اب اس لیگ کا باقاعدہ آغاز 30 جولائی کو ورلڈ چیمپئن انگلینڈ اور آئرلینڈ کے درمیان ون ڈے سیریز سے ہوا۔ سپرلیگ میں کل 13 ٹیمیں ہیں جن میں انگلینڈ، آسڑیلیا، نیوزی لینڈ، پاکستان، انڈیا، ویسٹ انڈیز، سری لنکا، جنوبی افریقہ، بنگلہ دیش، زمبابوے، آئرلینڈ، ہالینڈ اور افغانستان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

سپر لیگ میں ہر ٹیم کو تین ون ڈے انٹرنیشنل میچز پر مشتمل 8 ون ڈے سیریز کھیلنی ہوں گی جن میں چار سیریز وہ اپنے میدانوں پر جب کہ چار وہ بیرون ملک کھیلے گی۔ اس وقت 5مرتبہ کی عالمی چیمپئن آسٹریلیا 40 پوائنٹس کے ساتھ پہلے ، موجودہ ورلڈ چیمپئن انگلینڈ 30 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جب کہ پاکستان 20 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر ہے۔ بھارتی ٹیم ابھی تک کوئی پوائنٹ حاصل نہیں کرسکی ہے جب کہ پاکستان کو ہرانے والی زمبابوے اور انگلینڈ کو شکست دینے والی آئر لینڈ کی ٹیموں کے 10،10 پوائنٹس ہیں۔
وقت اشاعت : 30/11/2020 - 15:57:25

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :