شاداب خان نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر

آل رائونڈر نے نیوزی لینڈ کیخلاف تیسرے ٹی ٹونٹی کے بعد بائیں ٹانگ میں تکلیف کی شکایت کی تھی ، انکا ایم آر آئی سکین جمعرات کو ترنگا میں کروایا جائیگا جسکی رپورٹ کے بعد انکی انجری کی اصل نوعیت سامنے آئیگی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 23 دسمبر 2020 12:37

شاداب خان نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ سے باہر
ترنگا (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 دسمبر2020ء) آل راؤنڈر شاداب خان نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں۔ شاداب خان نے نیوزی لینڈ کیخلاف کھیلے گئے تیسرے ٹی ٹونٹی کے بعد بائیں ٹانگ میں تکلیف کی شکایت کی تھی ، اس مقابلے میں پاکستان نے 4 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ پی سی بی ذرائع کے مطابق شاداب خان کا ایم آر آئی سکین جمعرات کو ترنگا میں کروایا جائیگا جس کی رپورٹ کے بعد ان کی انجری کی اصل نوعیت سامنے آئیگی ۔

شاداب خان 26 دسمبر سے ماؤنٹ منگنوئی میں شیڈول نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے لیے دستیاب نہیں ہیں اور ٹیم مینجمنٹ نے ان کی جگہ ظفر گوہر کو بطور متبادل سپنر پہلے ٹیسٹ کے لیے قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کرلیا ہے۔ ظفر گوہر نے ہیملٹن سے بذریعہ بس قومی ٹیسٹ سکواڈ کو ترنگا میں جوائن کرلیا ہے، وہ ابتدائی طور پر پاکستان شاہینز کے سکواڈ کا حصہ تھے ۔

(جاری ہے)

ظفر گوہر نے گزشتہ سال قائداعظم ٹرافی میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور سینٹرل پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے ٹورنامنٹ میں 38 وکٹیں حاصل کیں، وہ ایونٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنیوالے باؤلرز کی فہرست میں تیسرے نمبر پر تھے۔ رواں سال نیشنل ٹی ٹونٹی کپ میں ظفر گوہر نے مجموعی طور پر 8 وکٹیں حاصل کی تھیں تاہم وہ قائداعظم ٹرافی میں شرکت نہیں کرسکے تھے۔ 25 سالہ سپنر ابتک 39 فرسٹ کلاس میچوں میں 144 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، وہ 6 مرتبہ اننگز میں 5 جبکہ 2 مرتبہ میچ میں 10 وکٹیں اپنے نام کرچکے ہیں۔ 
وقت اشاعت : 23/12/2020 - 12:37:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :