کرس گیل پی ایس ایل 2021ء سے پہلے شاہد آفریدی کا مذاق اڑانے لگے

بیٹسمنوں کو ہر گیند پر چھکا مارنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیئے ،ہوسکتا ہے کہ وہ آفریدی کی پیروی کرنے کی کوشش کررہے ہوں: ویسٹ انڈین کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 20 فروری 2021 17:42

کرس گیل پی ایس ایل 2021ء سے پہلے شاہد آفریدی کا مذاق اڑانے لگے
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 20 فروری 2021ء ) ویسٹ انڈین ٹی ٹونٹی کرکٹ سٹار کرس گیل نے سابق پاکستانی کپتان شاہد آفریدی کو پاور ہٹنگ کے معاملے میں توازن نہ رکھنے پر مذاق کا نشانہ بنایا۔ ایک انٹرویو میں ’یونیورسل باس‘ نے اپنا گیم پلان شیئر کیا اور نوجوانوں کو کچھ مشورے دیئے جو پاور ہٹر بننا چاہتے ہیں ۔ کرس گیل کا کہنا تھا کہ یہ سب کچھ حکمت عملی پر منحصر ہوتا ہے کہ آپ گیم کو کس طرح چلاتے ہیں۔

گیل نے کہا کہ ایسا نہیں ہے کہ میں سنچری سکور کرنے کا ارادہ رکھتا ہوں لیکن کھیل کی صورتحال فیصلہ کرتی ہے کہ آپکو کھیل کی کس سٹیج پر کیسے کھیلنا ہے ۔ کرکٹ صرف لمبے لمبے چھکے مارنے کا کھیل نہیں ہے بلکہ یہ سب کچھ حکمت عملی اور اس میچ میں مومینٹم کے بارے میں ہے۔ جمیکا کے بلے باز نے مزید کہا کہ کھلاڑیوں کو ہر گیند پر چھکا مارنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیئے ،انہوں نے مذاق کرتے ہوئے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ وہ آفریدی کی پیروی کرنیکی کوشش کررہے ہوں کیوںکہ پاکستانی بیٹسمین مستقل پاور ہٹنگ کی صلاحیت نہیں رکھتے ، آپ ہر گیند پر بائونڈری مارنے کی کوشش نہیں کرتے بلکہ صرف اس باؤلر کو نشانہ بنائیں جس کو آپ مارنا چاہتے ہیں ،آپ کو حکمت عملی بنانی چاہیئے کہ آپ اننگز کو کیسے آگے بڑھائیں گے۔

(جاری ہے)

کرس گیل کا مزید کہنا تھا کہ آج کل کی بائونڈریز اتنی بڑی نہیں ہیں اور بلے باز اچھی شاٹ کے ذریعے گیند کو بائونڈری کے پار پہنچا سکتے ہیں۔ 41 سالہ کرس گیل جو اس سال کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کررہے ہیں ، تماشائیوں کو تفریح دینے ​​کے لئے بہت پرجوش ہیں تاہم وہ صرف پہلے 2 میچز کیلئے دستیاب ہے۔ کرس گیل نے کہا کہ میں 15 سال میں پہلی بار پاکستان آنے پر خوش ہوں، بدقسمتی سے انٹرنیشنل کیلنڈر کے باعث میں صرف 2 میچز کے لیے دستیاب ہوں گا لیکن جیسا کہ میں نے کہا کہ میں گلیڈی ایٹرز کو اپنی بہترین کارکردگی سے کامیابی دلانے کی کوشش کروں گا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ہفتہ کو نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں ٹورنامنٹ کےپہلے میچ میں دفاعی چیمپئن کراچی کنگز کے مدمقابل ہوگی ۔
وقت اشاعت : 20/02/2021 - 17:42:37

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :