اپنی کارکردگی سے کورونا سے متاثرہ لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں لانے کی کوشش کرونگا: بین ڈنک

کورونا کے باعث بائیو سیکیور ببل کی وجہ سے کھلاڑیوں کی مشکلات بڑھ جاتی ہیں، کمروں تک محدود رہنا ، صرف کرکٹ کیلئے باہر نکلنا، یہ سب بہت مشکل اور تھکا دینے والا عمل ہے: آسٹریلین کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 22 فروری 2021 16:53

اپنی کارکردگی سے کورونا سے متاثرہ لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں لانے کی کوشش کرونگا: بین ڈنک
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 22 فروری 2021ء ) لاہور قلندرز کے جارح مزاج آسٹریلوی بیٹسمین بین ڈنک کا کہنا ہے کہ وہ اپنی کارکردگی سے کورونا سے متاثرہ لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹیں لانے کے خواہاں ہیں اور کچھ ایسا کرکے دکھانا چاہتے ہیں کہ لاہور قلندرز کے مداحوں کو فخر محسوس ہو۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں بین ڈنک کا کہنا تھا کہ رواں سال پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کا آغاز اچھا ہوا ہے اور امید ہے کہ آگے بھی اس سلسلے کو جاری رکھیں گے، کورونا کی وجہ سے اس وقت حالات مشکل ہیں لیکن لاہور کی ٹیم اچھا کھیل پیش کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں بائیو سیکیور ببل کی وجہ سے کھلاڑیوں کی مشکلات بڑھ جاتی ہیں، کمروں تک محدود رہنا اور صرف کرکٹ کے لیے باہر نکلنا، یہ سب بہت مشکل اور تھکا دینے والا عمل ہے، میں خود بھی گزشتہ سال پی ایس ایل فائنل سے بمشکل 5،6 دن ببل سے باہر رہا ہونگا، یہ سب کرنا مشکل ہے مگر اسکا انکی کارکردگی پر اثر نہیں ہوگا، وہ لاہور کیلئے بھرپور انداز میں پرفارم کریںگے۔

(جاری ہے)

33 سالہ آسٹریلوی کرکٹر نے کہا کہ پچھلے سال کی کارکردگی اور گیم پلان اس سال ٹیم کی حوصلہ افزائی کریگا، ہمیں اس سال مومینٹم برقرار رکھنا ہوگا۔ آسٹریلوی کرکٹر کا کہنا تھا کہ ان کے لیے ذاتی سنچری سے زیادہ اہم ٹیم کی جیت ہے ، ان کی ایسی ہی سوچ کراچی کے خلاف پچھلے سال تھی جب انہوں نے 99 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، اگر اس سال سنچری بنانے کا موقع ملا تو اس سے اچھا کیا ہوسکتا ہے لیکن انہیں زیادہ خوشی اس وقت ہوگی جب انہیں ٹیم کی جیت میں اپنا کردار ادا کرنے کا موقع ملے۔
وقت اشاعت : 22/02/2021 - 16:53:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :