پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز اماراتی میدانوں میں کرانا درست فیصلہ نہیں : جاوید میانداد

مالی فوائد کیلئے جانوں کو خطرے میں نہ ڈالا جائے، بابراعظم ریکارڈز سے بالا تر کھلاڑی ہیں: سابق کپتان

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 11 مئی 2021 15:08

پی ایس ایل 6 کے بقیہ میچز اماراتی میدانوں میں کرانا درست فیصلہ نہیں : جاوید میانداد
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 مئی 2021ء ) سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میانداد نے کہا ہے کہ یہ وقت کرکٹ کھیلنے کا نہیں بلکہ انسانی جانیں بچانے کا ہے ، کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی سنگین صورتحال میں کرکٹ کے بجائے انسانوں کی زندگیاں بچانے پر توجہ دی جائے ۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 63 سالہ جاوید میانداد نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے ساری دنیا مسائل کا شکار ہے ، بھارت میں بھی اس حوالے سے تشویشناک صورتحال ہے جہاں پر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ شیڈول ہے ، میری ذاتی رائے میں ایسے وقت میں کرکٹ کا انعقاد درست نہیں ہوگا، پی سی بی کی جانب سے پی ایس ایل 6 کے بقیہ مقابلے یو اے ای میں کرائے جانے کی کوشش بھی درست نہیں ہے ، اپنے فائدے کی خاطر انسانی جانوں کو خطرے میں ڈالا جا رہا ہے ، اگر میرے ہاتھ میں ہو تو میں پی ایس ایل 6 کرانے کا چانس نہیں لوں گا، اگر یہ ایونٹ ہو بھی جائے اور اس کے منفی اثرات بھی سامنے آئے تو کون ذمہ دار ہوگا۔

(جاری ہے)

جاوید میانداد نے کہا کہ بلاشبہ بابراعظم بہت بڑا بیٹسمین ہے ، وہ گراؤنڈ کا بادشاہ ہے ، بابر اعظم ریکارڈز سے بالاتر ہے اسے ان چیزوں کا سوچنا بھی نہیں چاہئے ،بابر اعظم کی خوبی یہ ہے کہ وہ گیند کو میرٹ پر کھیلتا ہے تاہم کھیل میں اونچ نیچ ہوتی رہتی ہے اور جب کسی کھلاڑی پر اچھا وقت آتا ہے تو اسے برے وقت کے لئے بھی تیار رہنا چاہئے، دیگر کرکٹرز کو بھی بابراعظم کی پیروی کرتے ہوئے خود کو تسلیم کرانا ہوگا۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ دیکھنے میں آرہا ہے کہ ہر سیریز میں مختلف کھلاڑی سکواڈ کا حصہ بن رہے ہیں، میرا خیال ہے کہ جب کوئی کھلاڑی کارکردگی دکھائے تو اسے ٹیم سے الگ نہیں کرنا چاہئے ، پرفارم کرنے والا کوئی بھی پروفیشنل کھلاڑی گراؤنڈ سے باہر بیٹھنا پسند نہیں کرتا۔ ہیڈ کوچ مصباح الحق کے حوالے سے جاوید میانداد نے کہا کہ کوچ کا کام اپنی ذمہ داری ادا کرنا ہوتا ہے ، اس کو اچھے کھلاڑیوں پر نظر رکھنی چاہئے ۔
وقت اشاعت : 11/05/2021 - 15:08:23

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :