تیز ترین 100 ٹونٹی ٹونٹی وکٹیں، حارث رؤف نے شاہین آفریدی کا ریکارڈ توڑ دیا

سعید اجمل نے محض 68 میچز میں 100 وکٹیں حاصل کیں ، شاہین آفریدی 74 میچز میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرکے 5ویں پوزیشن پر موجود

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 11 جون 2021 14:06

تیز ترین 100 ٹونٹی ٹونٹی وکٹیں، حارث رؤف نے شاہین آفریدی کا ریکارڈ توڑ دیا
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11 جون 2021ء ) قومی کرکٹر اور پی ایس ایل میں لاہور قلندرز کی نمائندگی کرنیوالے حارث رؤف نے ٹونٹی ٹونٹی کرکٹ میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرلی۔ 27 سالہ حارث رئوف نے یہ اعزاز گزشتہ روز پشاور زلمی کیخلاف میچ میں حاصل کیا۔ وہ پاکستان کی جانب سے کم ترین میچوں میں یہ اعزاز حاصل کرنیوالے تیسرے بائولر بن گئے ہیں۔

ٹی ٹونٹی کرکٹ میں پاکستان کے لیے سعید اجمل نے محض 68 میچز میں 100 وکٹیں حاصل کی تھیں ، فاسٹ بائولر عمر گل نے بھی 68 میچوں میں 100 وکٹیں مکمل کی تھیں جبکہ حارث رؤف نے 71 میچوں میں یہ اعزاز اپنے نام کرلیا۔ سابق فاسٹ بائولر اعزاز چیمہ نے 73 میچز کھیل کر 100 وکٹیں حاصل کیں اور وہ چوتھے نمبر پر ہیں جبکہ حارث رئوف کے ساتھی فاسٹ بائولر شاہین شاہ آفریدی 74 میچز میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرکے 5ویں پوزیشن پر موجود ہیں ، سابق فاسٹ بائولر رانا نوید الحسن 79 میچز میں 100 وکٹیں لیکر چھٹے، فاسٹ بائولر حسن علی اور سہیل خان 80،80 میچز میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرکے بالترتیب 7ویں اور 8ویں جبکہ لیگ سپنر شاداب خان اور سابق قومی آل رائونڈر یاسر عرفات 82، 82 میچز میں 100 وکٹیں مکمل کرکے 9ویں اور 10ویں نمبر پر براجمان ہیں ۔

(جاری ہے)

حارث رئوف نے 100 وکٹوں میں سے 30 لاہور قلندرز کے لیے کھیلتے ہوئے حاصل کیں جبکہ 25 وکٹیں ٹی ٹونٹی میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے حاصل کیں ۔ انہوں نے ناردرن کی ٹیم کیلئے 24 وکٹیں حاصل کیں جبکہ بگ بیش لیگ میں میلبورن سٹارز کی نمائندگی کرتے ہوئے 21 وکٹیں اپنے نام کیں ۔ حارث رئوف کی پسندیدہ حریف زمبابوے رہی جس کیخلاف انہوں نے 10 وکٹیں حاصل کیں ، وہ اب تک سڈنی تھنڈرز کی ٹیم کے خلاف 9 وکٹیں بھی حاصل کرچکے ہیں۔ راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم حارث رئوف کا پسندیدہ لگتا ہے جہاں انہوں نے 14 شکار کیے ، کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں فاسٹ بولر نے 11 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ملتان میں وہ 10 وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
وقت اشاعت : 11/06/2021 - 14:06:03

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :