پی ایس ایل 6، پشاور زلمی کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 198 رنز کا ہدف

ڈیوڈ ملراور کامران اکمل کی نصف سنچریاں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 12 جون 2021 22:55

پی ایس ایل 6، پشاور زلمی کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 198 رنز کا ہدف
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 جون 2021ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل)2021 کے 19 ویں میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 198 رنز کا ہدف دیا ہے۔ ابوظہبی میں کھیلے جارہے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیتا اور وہاب ریاض کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ پشاور زلمی کے لیے کھیل کا آغاز تباہ کن انداز میں ہوا جب نوجوان بلے باز حیدر علی پہلی ہی گیند پر محمد نواز کی وکٹ بن گئے۔

عثمان شنواری نے حیدر علی کا کیچ تھاما ۔ تجربہ کار بلے باز شعیب ملک بھی ایک مرتبہ پھر ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کرکے تیسرے اوور کی دوسری گیند پر محمد نواز کا نشانہ بنے اور صرف 2 رنز ان کے حصے میں آئے۔ڈیوڈ ملر نے کامران اکمل کے ساتھ مل کر ٹیم کو شدید مشکلات سے نکالا،ملر نے زاہد محمود سمیت دیگر بلے بازوں پر بلند و بالا چھکے لگائے۔

(جاری ہے)

ڈیوڈ ملر نے چھکا لگا کر اپنی نصف سنچری مکمل کی، کامران اکمل نے ملر کا بھرپور ساتھ دیا اور دونوں بلے بازوں نے شراکت داری میں ٹیم کی پہلی نصف سنچری اور بعد میں سنچری مکمل کی۔

دوسرے اینڈ سے کامران اکمل نے بھی جارحانہ بیٹنگ کی اور اپنی نصف سنچری بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم کرلی، پشاور زلمی کا سکور 135 رنز پر پہنچا تو کامران اکمل کو محمد حسنین نے ایل بی ڈبلیو کردیا ،ڈیوڈ ملر 73 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے، پشاور زلمی کی جانب سے پانچویں اور آخری آؤٹ ہونے والے بلے بازشرفین رودر فورڈ تھے جو 10 رنز بنا سکے، پاوول اور فیبیان نے مقررہ 20 اوورز میں پشاور زلمی کا سکور 197 رنز تک پہنچایا، پشاور زلمی کے پاوول 43 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد نواز نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کیں۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے گزشتہ روز شکست کھانے والی ٹیم میں ایک تبدیلی کی اور آندرے رسل کی جگہ ظاہر خان کو موقع دیا۔ پشاور زلمی کو آخری میچ میں لاہور قلندرز کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ میچ کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں سرفراز احمد(کپتان)، فاف ڈیو پلیسی، عثمان خان، جیل ویدرلڈ، اعظم خان، محمد نواز، ظاہر خان، خرم شہزاد، زاہد محمود اور محمد حسنین شامل ہیں جب کہ پشاور زلمی کی ٹیم وہاب ریاض(کپتان)، کامران اکمل، حیدر علی، شعیب ملک، ڈیوڈ ملر، روومین پاول، شرفین ردرفورڈ، فیبیئن ایلن، عمید آصف، محمد عرفان اور محمد عمران پر مشتمل ہے۔
وقت اشاعت : 12/06/2021 - 22:55:59

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :