پی ایس ایل 6، ملتان سلطانز کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 184 رنز کا ہدف

شان مسعود کی نصف سنچری

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 16 جون 2021 22:52

پی ایس ایل 6، ملتان سلطانز کا کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 184 رنز کا ہدف
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 جون 2021ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 184 رنز کا ہدف دیا ہے۔ ابوظہبی میں کھیلے جا رہے لیگ کے 25ویں میچ میں گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ابوظبی میں کھیلے جا رہے لیگ کے 25ویں میچ میں گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

سلطانز نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے انہیں 72 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، محمد رضوان 23 گیندوں پر 21 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔ صہیب مقصود اس مرتبہ بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور افغان اسپنر ظاہر خان کی وکٹ بن گئے۔ دوسرے اینڈ سے شان مسعود نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی اور تیسری وکٹ کے لیے 37 رنز کی ساجھے داری قائم کی لیکن اس مرحلے پر حسان خان کو دو چھکے لگانے کے بعد تیسرا بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں شان مسعود باؤنڈری پر آسان کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 42 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز کھیلی۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقی بلے باز رائلی روسو کا بھی وکٹ پر قیام مختصر رہا اور وہ صرف دو رنز بنا کر چلتے بنے۔ اس موقع پر جانسن چالرس اور خوشدل شاہ نے پانچویں وکٹ کے لیے تیز رفتاری سے رنز اسکور کرتے ہوئے 42 رنز کی شراکت قائم کی، جانسن چارلس نے 24 گیندوں پر 47 رنز بنائے جس میں دو چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے، گلیڈی ایٹرز کی جانب سے خرم شہزاد دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

میچ کے لیے دونوں ٹیموں میں ایک، ایک تبدیلی کی گئی ہے اور گلیڈی ایٹرز نے ظہور خان کی جگہ ظاہر خان جبکہ سلطانز نے شیمرون ہٹمائر کی جگہ جانسن چارلس کو فائنل الیون کا حصہ بنایا ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز چوتھے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 4 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر موجود ہے اور آج کے میچ میں شکست کے نتیجے میں ان کا ایونٹ میں سفر تمام ہو جائے گا۔

میچ کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم سرفراز احمد (کپتان)، جیک ویدرلڈ، کیمرون ڈیلپورٹ، عثمان خان، اعظم خان، محمد نواز، حسان خان، عثمان شنواری، ظاہر خان، خرم شہزاد اور محمد حسنین پر مشتمل ہے جب کہ ملتان سلطانز کی ٹیم میں محمد رضوان (کپتان)، شان مسعود، صہیب مقصود، رائلی روسو، جانسن چارلس، خوشدل شاہ، سہیل تنویر، بلیسنگ مزربانی، شاہنواز دھانی، عمران خان اور عمران طاہر شامل ہیں ۔
وقت اشاعت : 16/06/2021 - 22:52:49

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :