پی ایس ایل 6 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کھیل تمام

پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے بدترین شکست اپنے نام کرنے کے بعد سرفراز الیون پلے آف مرحلے کی دوڑ سے باہر ہوگئی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 17 جون 2021 00:19

پی ایس ایل 6 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کھیل تمام
ابوظہبی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 16 جون 2021ء ) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں کوئٹہ گلیڈی ایٹر پلے آف مرحلے سے باہر ہوگیا۔ ابوظہبی میں کھیلے جا رہے لیگ کے 25ویں میچ میں گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ابوظبی میں کھیلے جا رہے لیگ کے 25ویں میچ میں گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔

سلطانز نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز نے انہیں 72 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا، محمد رضوان 23 گیندوں پر 21 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہو گئے۔ صہیب مقصود اس مرتبہ بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور افغان اسپنر ظاہر خان کی وکٹ بن گئے۔ دوسرے اینڈ سے شان مسعود نے عمدہ بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی اور تیسری وکٹ کے لیے 37 رنز کی ساجھے داری قائم کی لیکن اس مرحلے پر حسان خان کو دو چھکے لگانے کے بعد تیسرا بڑا شاٹ کھیلنے کی کوشش میں شان مسعود باؤنڈری پر آسان کیچ دے بیٹھے، انہوں نے 42 گیندوں پر 73 رنز کی اننگز کھیلی۔

(جاری ہے)

جنوبی افریقی بلے باز رائلی روسو کا بھی وکٹ پر قیام مختصر رہا اور وہ صرف دو رنز بنا کر چلتے بنے۔ اس موقع پر جانسن چالرس اور خوشدل شاہ نے پانچویں وکٹ کے لیے تیز رفتاری سے رنز اسکور کرتے ہوئے 42 رنز کی شراکت قائم کی، جانسن چارلس نے 24 گیندوں پر 47 رنز بنائے جس میں دو چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ ملتان سلطانز نے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے، گلیڈی ایٹرز کی جانب سے خرم شہزاد دو وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے۔

ہدف کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز کے لیے اوپنرز نے اننگز کی سب سے بڑی 27 رنز کی شراکت قائم کی، عمران خان نے جیک ویدرلڈ کو آؤٹ کر کے اپنی ٹیم کو پہلی کامیابی دلائی اور ایک گیند بعد ہی کیمرون ڈیلپورٹ کا بھی کام تمام کردیا۔ اس کے بعد گلیڈی ایٹرز یکے بعد دیگرے وکٹیں گنواتے رہے۔ عثمان خان وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں رن آؤٹ ہوئے، اعظم خان صرف 2 رنز بنا سکے۔

کپتان سرفراز احمد بھی 13 رنز بنا کر سہیل تنویر کو وکٹ دے بیٹھے، نواز نے بھی رن آؤٹ ہوکر ڈگ آؤٹ کی راہ لی۔عمران طاہر نے عمدہ سپیل کرتے ہوئے تین وکٹیں اپنے نام کیں اور گلیڈی ایٹرز کی پوری ٹیم پی ایس ایل میں اپنے کم ترین سکور 73 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ ملتان سلطانز نے میچ میں 110 رنز کے بھاری مارجن سے فتح حاصل کرکے اپنی اوسط کو بہت بہتر بنا لیا جبکہ اس شکست کے ساتھ ہی گلیڈی ایٹرز ٹورنامنٹ سے باہر ہوگئے ہیں۔

میچ کے لیے دونوں ٹیموں میں ایک، ایک تبدیلی کی گئی ہے اور گلیڈی ایٹرز نے ظہور خان کی جگہ ظاہر خان جبکہ سلطانز نے شیمرون ہٹمائر کی جگہ جانسن چارلس کو فائنل الیون کا حصہ بنایا ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز چوتھے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 4 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر موجود ہے اور آج کے میچ میں شکست کے نتیجے میں ان کا ایونٹ میں سفر تمام ہو جائے گا۔

میچ کے لیے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم سرفراز احمد (کپتان)، جیک ویدرلڈ، کیمرون ڈیلپورٹ، عثمان خان، اعظم خان، محمد نواز، حسان خان، عثمان شنواری، ظاہر خان، خرم شہزاد اور محمد حسنین پر مشتمل ہے جب کہ ملتان سلطانز کی ٹیم میں محمد رضوان (کپتان)، شان مسعود، صہیب مقصود، رائلی روسو، جانسن چارلس، خوشدل شاہ، سہیل تنویر، بلیسنگ مزربانی، شاہنواز دھانی، عمران خان اور عمران طاہر شامل ہیں ۔
وقت اشاعت : 17/06/2021 - 00:19:11

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :