بھارتی کرکٹ بورڈ کو ایک اور دھچکہ،آئی پی ایل کے بقیہ میچز متحدہ عرب امارات میں نہ ہونیکا امکان

فرنچائزز مالکان کو سامان کی نقل و حمل کے وسائل کو بروکار لانے میں دشواری کا سامنا،بی سی سی آئی کوکو ٹیمیں ٹہرانے کیلئے ہوٹلز کی کمی کا سامنا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 6 جولائی 2021 11:30

بھارتی کرکٹ بورڈ کو ایک اور دھچکہ،آئی پی ایل کے بقیہ میچز متحدہ عرب امارات میں نہ ہونیکا امکان
نئی دہلی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 6 جولائی 2021ء ) ٹی ٹونٹی ورلڈکپ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) منتقل ہونے کے بعد بھارت کو ایک اور دھچکہ لگ گیا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے بقیہ میچز ستمبر ،اکتوبر میں متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں نہ ہونے کا امکان ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارتی لیگ میں شامل فرنچائزز کے مالکان کو سامان کی نقل و حمل کے وسائل کو بروکار لانے میں دشواری کا سامنا ہے، اس کے علاوہ دبئی ایکسپو 2020ء کے انعقاد کی وجہ سے یو اے ای کے ہوٹلز میں رش لگا ہوا ہے جس کی وجہ سے ہوٹل مالکان نے کمروں کا کرایہ اصل قیمت سے کئی گنا بڑھا رکھا ہے۔

رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کو ٹیموں کو ٹہرانے کے لیے ہوٹلز کی کمی کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب بھارت میں کورونا وائرس کی تیسری لہر شروع ہونے کا خدشہ ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت میں کورونا کی تیسری لہر کا آغاز اگست میں شروع ہو گا جو ستمبر اور اکتوبر میں اپنے عروج پر ہوگی۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام نے بتایا ہے کہ ہم نے کورونا کی صورتحال پر نظر رکھی ہوئی ہے اور اس ضمن میں 15 جولائی کو باقاعدہ اجلاس ہو گا جس میں آگے کے لائحہ عمل پر بات چیت کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ایکسپو کا بھی خیال اپنے ذہن میں رکھنا ہو گا کیونکہ آئے روز اس کی سرگرمیوں میں اضافہ ہو رہا ہے جس کی وجہ سے آئی پی ایل کا پلان متاثر ہوسکتا ہے۔ خیال رہے کہ بھارت میں کورونا وائرس کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر آئی پی ایل کے بقیہ میچز ستمبر سے اکتوبر تک متحدہ عرب امارات میں کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
وقت اشاعت : 06/07/2021 - 11:30:24

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :