لاہور میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والے تھیلان سماراویرا کی 12 سال بعد پاکستان واپسی

یہاں کافی رنز بنائے ، گولی لگنے سے اہل خانہ 18 ماہ صدمے میں رہے :کیوی بیٹنگ کوچ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 13 ستمبر 2021 13:29

لاہور میں دہشتگردی کا نشانہ بننے والے تھیلان سماراویرا کی 12 سال بعد پاکستان واپسی
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 13 ستمبر 2021ء ) 3 مارچ 2009ء کو دورہ پاکستان کے دوران لاہور کے لبرٹی چوک پر سری لنکن کرکٹ ٹیم پر دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونے والے سابق سری لنکن بیٹسمین تھیلان سمارا ویرا نے 12 سال بعد پاکستانی سرزمین پر قدم رکھ دیا تاہم اب وہ اپنی ٹیم کے بجائے نیوزی لینڈ کے بیٹنگ کو چ بن کر دورے پر آئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری فیصل آباد میں اس وقت سکورکی جب لوگ کہہ رہے تھے کہ وہ صرف سنہالیز کرکٹ گراؤنڈ پر ہی رنز کر سکتے ہیں، پاکستان میں 2 ڈبل سنچریاں بھی بنائی اور پھر ٹانگ پر گولی لگ گئی۔

یہ حملہ 2 یا 3 منٹ کا ہوگا لیکن ایسا محسوس ہوا کہ 24 گھنٹے ہوگئے ہیں۔ گولی لگنے سے پاؤں کو حرکت دینے میں دشواری ہوئی اور ایسا لگا کہ وہ دوبارہ کرکٹ نہیں کھیل سکیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ لاہور حملے کے صدمے پر قابو پانے میں ان کی اہلیہ اور بیٹی کو 18 ماہ لگے جب کہ وہ خود صحت یاب ہونے کے بعد 2013ء تک قومی ٹیم کیلئے کھیلتے رہے ۔ سمارا ویرا کے ران میں سری لنکا ٹیم پر ہونے والے حملے میں دوگولیاں لگی تھیں اور ایک گولی 12 انچ اندر چلی گئی جس کے بعد ان کا کولمبو میں کامیاب آپریشن ہوا تھا۔

سمارا ویرا کئی ماہ بیساکھیوں پر رہنے کے بعد کرکٹ فیلڈ میں واپس آئے۔ 44 سالہ سمارا ویرا نے سری لنکا کی جانب سے 81 ٹیسٹ اور53 ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلے تھے۔ دوسری جانب اسلام آباد ، پنڈی اور لاہور میں نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان کے دوران فل پروف سکیورٹی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاک فوج مہمان ٹیم کی سکیورٹی کی ذمہ داریاں سر انجام دے گی۔

ہوم ڈپارٹمنٹ پنجاب، چیف کمشنر اسلام آباد کی درخواست پر پاک فوج کی تعیناتی کی منظوری دی گئی ۔ پاکستان آرمی کی ایک انفنٹری کمپنی تعینات کرنے کی منظوری دی گئی ۔ ایک کمپنی لائٹ کمانڈو بٹالین بھی تعینات کرنے کی منظوری دی گئی ۔ ایمرجنسی اور فضائی نگرانی کیلیے دو ہیلی کاپٹر ہوں گے۔ ایک ایس ایس جی پلاٹون ، 630 ایکسپلوسو اور آرڈیننس ڈسپوزل کی بھی منظوری دی گی ہیں ۔ اسلام آباد میں روٹ وینیو اور موٹر کیڈ پر پاک فوج کی معاونت حاصل ہوگی، اسلام آباد میں بھی فضائی نگرانی کیلئے دو ہیلی کاپٹر مامور ہوں گے۔
وقت اشاعت : 13/09/2021 - 13:29:07

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :