امید ہے برطانوی ٹیم شیڈول کے مطابق پاکستان آئے گی : جیسن روئے

ساتھی کرکٹرز کو بتایا کہ میں نے پاکستان آکر لطف اٹھایا ہے، مجھے لگتا ہے کہ ہم ورلڈ کپ سے پہلے سال کے آخر میں یہاں آ رہے ہیں : برطانوی اوپنر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 4 فروری 2022 16:18

امید ہے برطانوی ٹیم شیڈول کے مطابق پاکستان آئے گی : جیسن روئے
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 4 فروری 2022ء ) انگلینڈ کے تجربہ کار وائٹ بال کرکٹر جیسن رائے پرامید ہیں کہ انگلش کرکٹ ٹیم شیڈول کے مطابق رواں سال پاکستان کا دورہ کرے گی ۔ ایک انٹرویو میں 98 ون ڈے اور 58 ٹی ٹونٹی میچز میں انگلینڈ کی نمائندگی کرنے والے 31 سالہ کرکٹر نے کہا کہ اس سے قبل بھی انہوں نے پاکستان میں اپنے وقت کا لطف اٹھایا تھا اور انگلینڈ کی ٹیم میں اپنے ساتھیوں کے ساتھ بھی یہی تاثرات شیئر کیے تھے۔

آسٹریلیا میں ہونے والے T20 ورلڈ کپ سے قبل انگلینڈ کو 7 ٹی ٹونٹی مقابلے کھیلنے کیلئے ستمبر 2022ء میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔ اس ٹیم کو گزشتہ سال اکتوبر میں2 ٹی ٹونٹی میچز کے لیے پاکستان کا دورہ بھی کرنا تھا لیکن بعد میں ’بائیو سیکیور ببل کی تھکاوٹ‘ کا بہانہ بنا کر انگلش کرکٹ بورڈ نے دورے کو ملتوی کردیا۔

(جاری ہے)

اس فیصلے کو کئی کرکٹرز اور آفیشلز نے تنقید کا نشانہ بنایا۔

اگر یہ دورہ منصوبے کے مطابق ہوتا تو جیسن روئے بھی اسی ٹیم کا حصہ ہوتے۔ منسوخ ہونے والے دورے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے جیسن روئے کا کہنا تھا کہ یہ فیصلہ اعلی حکام نے کیا ،مجھے نہیں معلوم تھا کہ کیا ہو رہا ہے، یہ میرے لیول سے اوپر سے لوگوں پر چھوڑ دیا گیا تھا، یہ کہنا میرے لیے ٹھیک نہیں ہوگا کہ ہمیں آنا چاہیے تھا یا نہیں آنا چاہیے، یہ فیصلہ ای سی بی نے کیا اس لیے آپ کو اس کا احترام کرنا چاہیے۔

تاہم انہوں نے کہا کہ وہ پہلے بھی پاکستان آنے کے اپنے تجربے سے لطف اندوز ہوتے تھے اور انہوں نے انگلینڈ میں اپنے ساتھیوں کو بھی یہی بتایا ہے۔ جیسن روئے کا کہنا تھا کہ میں نے انہیں بتایا کہ میں نے پاکستان آکر لطف اٹھایا ہے، یہ ایک مختلف تجربہ ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ ہم ورلڈ کپ سے پہلے سال کے آخر میں یہاں آ رہے ہیں ۔ جیسن روئے بدھ کی صبح پی ایس ایل 7 کے لیے کراچی پہنچے اور فی الحال ایکشن میں واپسی سے قبل لازمی قرنطینہ سے گزر رہے ہیں تاہم وہ بے تابی سے قرنطینہ ختم ہونے کا انتظار کر رہے ہیں ۔

پی ایس ایل کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انگلش کرکٹر کا کہنا تھا کہ انہیں لیگ کا حصہ بننا پسند ہے۔ انہوں نے پی ایس ایل کے نئے ٹیلنٹ کی مدد کرنے کے طریقے کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہر ایک ٹیم کے پاس سپر سٹار ہیں جو میچز جتوا سکتے ہیں ، مجھے لگتا ہے کہ یہ دیکھنے میں بہت پرکشش ہے ،ہر ٹیم میں بڑے نام ہوتے ہیں لیکن نوجوان ٹیلنٹ بھی سامنے آتا ہے۔ ہم نے دیکھا کہ دوسری رات 18 سالہ، 19 سال کی عمر کے بچے بہت اچھا کر رہے ہیں اور مین آف دی میچ ایوارڈ جیت رہے ہیں ، آپ لیگز سے یہی چاہتے ہیں۔
وقت اشاعت : 04/02/2022 - 16:18:16

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :