عمر اکمل کے الزامات غلط ثابت ، آئی سی سی نے منصور اختر کو کلیئر قرار دیدیا

مڈل آرڈر بلے باز نے فواد عالم کے سسر اور سابق ٹیسٹ کرکٹر پر کینیڈین لیگ میں سپاٹ فکسنگ کی پیشکش کا الزام لگایا تھا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 9 مئی 2022 14:48

عمر اکمل کے الزامات غلط ثابت ، آئی سی سی نے منصور اختر کو کلیئر قرار دیدیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 مئی 2022ء ) آئی سی سی نے ٹیسٹ کرکٹر فواد عالم کے سسر اور سابق ٹیسٹ کرکٹر منصور اختر کو کرپشن کے الزامات سے بری کر دیا ہے۔ 64 سالہ منصور اختر کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ انہیں آئی سی سی کی جانب سے ملنے والے لیٹر میں تمام الزامات میں کلیئر قرار دیا گیا ہے، منصور اختر کے مطابق لیٹر میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر مستقبل میں ان کی خلاف کوئی ثبوت ملا تو انکوائری دوبارہ اوپن کی جاسکتی ہے۔

واضح رہے کہ 2019ء میں کرکٹر عمر اکمل نے 19 ٹیسٹ اور 41 ون ڈے میچوں میں قومی ٹیم کی نمائندگی کا اعزاز رکھنے والے منصور اختر پر کینیڈین لیگ میں سپاٹ فکسنگ کی پیشکش کا الزام لگایا تھا۔ عمر اکمل نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں قومی ٹیم کے ایک سابق ٹیسٹ کرکٹر نے لیگ کے دوران میچ فکسنگ کی پیشکش کی جس پر انہوں نے فوری طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ ساتھ لیگ کی انتظامیہ کو بھی معاملے سے آگاہ کردیا تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وہ سابق کرکٹر منصور اختر تھے جو خود بھی گلوبل ٹی ٹونٹی لیگ میں ونی پیگ ہاکس کے ساتھ بحیثیت آفیشل منسلک تھے۔ یہ پہلا موقع نہیں کہ عمر اکمل کو میچ فکسنگ کی پیشکش ہوئی ہو بلکہ اس سے قبل بھی وہ فکسنگ کی پیشکش کا دعویٰ کر چکے ہیں۔ گزشتہ سال نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں عمر اکمل نے انکشاف کیا تھا کہ 2015ء میں بھارت کے خلاف ایڈیلیڈ کے مقام پر کھیلے گئے میچ میں انہیں سپاٹ فکسنگ کی پیشکش ہوئی تھی۔
وقت اشاعت : 09/05/2022 - 14:48:35

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :