نیوزی لینڈ کرکٹ نے دورہ پاکستان کی تصدیق کر دی

کیوی کرکٹ ٹیم کو دسمبر، جنوری میں 2 ٹیسٹ ،3 ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنے پاکستان آنا ہے، اپریل 2023ء میں وائٹ بال سیریز کے لئے دوبارہ پاکستان آئے گی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 28 جون 2022 12:56

نیوزی لینڈ کرکٹ نے دورہ پاکستان کی تصدیق کر دی
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 جون 2022ء ) نیوزی لینڈ کرکٹ نے دورہ پاکستان کی تصدیق کر دی، بھارت کے خلاف ہوم سیریز کے بعد نیوزی لینڈ کی ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی۔ نیوزی لینڈ کرکٹ کے مطابق نیوزی لینڈ اور بھارت کے درمیان وائٹ بال سیریز 30 نومبر کو ختم ہو گی۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم نے بھارت میں بھی مختصر دورانیے کی سیریز کھیلنی ہے، نیوزی لینڈ کا برصغیر کا دورہ فروری کے ابتداء میں ختم ہو گا۔

خیال رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ہونے والی سیریز کے شیڈول کا اعلان نہیں کیا گیا تاہم نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کو دسمبر جنوری میں 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے میچز کی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان آنا ہے۔ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے پہلے دورہ پاکستان میں شامل 2 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز بالترتیب آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ اور آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ کا حصہ ہوں گے۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ کی ٹیم اپریل 2023ء میں وائٹ بال سیریز کے لئے دوبارہ پاکستان آئے گی۔ دوسرے دورے میں مہمان ٹیم کو5 ون ڈے اور 5 ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میچز کھیلنے ہیں۔ دونوں کرکٹ بورڈز اب دورے کی تاریخوں کو حتمی شکل دیں گے۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم پچھلے برس ستمبر میں دورہ پاکستان میں کوئی میچ کھیلے بغیر مشکوک سکیورٹی خدشات کے باعث وطن واپس روانہ ہوگئی تھی۔
وقت اشاعت : 28/06/2022 - 12:56:05

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :