کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ پوائنٹس ٹیبل، پاکستان تیسرے نمبر پر آگیا

تیسرے ون ڈے میں کامیابی کی صورت میں قومی ٹیم دوسری پوزیشن پر چلی جائیگی

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 19 اگست 2022 17:10

کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ پوائنٹس ٹیبل، پاکستان تیسرے نمبر پر آگیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 19 اگست 2022ء ) پاکستان آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ سپر لیگ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے ون ڈے میں ہالینڈ کے خلاف شاندار فتح کے بعد تیسرے نمبر پر آگیا ہے۔ مین ان گرین نے تیسرے نمبر پر افغانستان کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور اگر وہ تیسرے اور آخری ون ڈے میں جیت درج کرنے میں کامیاب ہو گئے تو ان کے پاس دوسرے نمبر پر جانیکا موقع ہے۔

پاکستان اس وقت مقابلے میں دوسرے نمبر پر موجود بنگلہ دیش سے 10 پوائنٹس سے پیچھے ہے اور وہ ٹیبل ٹاپر انگلینڈ سے مزید پانچ پوائنٹس کی دوری پر ہے۔ ہالینڈ نے دوسرے ون ڈے میں پہلے بیٹنگ کرنے کا انتخاب کرنے کے بعد بدترین ممکنہ آغاز کیا۔ یکے بعد دیگرے تین وکٹیں گنوانے کے بعد تجربہ کار بلے باز ٹام کوپر اور باصلاحیت نوجوان بلے باز باس ڈی لیڈ نے ٹیم کو نازک پوزیشن سے بچایا اور عمدہ نصف سنچریوں کے ساتھ اننگز کو دوبارہ سنوارا۔

(جاری ہے)

پاکستان نے اننگز کے آدھے راستے پر واپس آکر ہالینڈ کے بلے بازوں کو روک دیا۔ محمد نواز اور حارث رؤف نے تین تین وکٹیں حاصل کیں اور میزبان ٹیم 186 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ گرین شرٹس ابتدائی طور پر کمزور پڑگئے کیونکہ انہوں نے اوپنرز کو جلدی کھو دیا تاہم بابر اعظم اور محمد رضوان نے شاندار نصف سنچریاں سکور کیں جس کے بعد سلمان علی آغا نے تیز نصف سنچری کے ساتھ پاکستانی ٹیم کو کامیابی دلا دی ۔

اس جیت کے نتیجے میں پاکستان کو تین میچوں کی سیریز میں 2-0 کی ناقابل تسخیر برتری بھی حاصل ہو گئی ہے اور وہ سیریز میں کلین سویپ کرنے کی کوشش کرے گا۔ پاکستان کی اگلے میچ میں جیت نیوزی لینڈ اور افغانستان کے خلاف آنے والی سیریز میں نتائج سے قطع نظر ون ڈے ورلڈ کپ 2023ء کے لیے کوالیفائی کرنے کی ضمانت دے گی۔
سکرین شاٹ
سکرین شاٹ
وقت اشاعت : 19/08/2022 - 17:10:04

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :