میں سوچ رہا تھا جس ملک کے وزیراعظم پلاٹینیم میڈل سے متعلق بات کررہے ہوں وہ کیا کرسکتے ہیں؟، نوح بٹ کا شہبازشریف کے بیان پر مزاحیہ تبصرہ

پب جی میں پلاٹینیم میڈل ہوتا ہے تو ہم سوچ رہے تھے کہ وہاں چلے جاتے ہیں: کامن ویلتھ گیمز گولڈ میڈلسٹ

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 12 ستمبر 2022 12:32

میں سوچ رہا تھا جس ملک کے وزیراعظم پلاٹینیم میڈل سے متعلق بات کررہے ہوں وہ کیا کرسکتے ہیں؟، نوح بٹ کا شہبازشریف کے بیان پر مزاحیہ تبصرہ
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 12 ستمبر 2022ء ) کامن ویلتھ گیمز 2022ء کے ویٹ لفٹنگ ایونٹ میں سونے کا تمغہ جیتنے والے ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ نے وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے کھلاڑیوں سے اگلی مرتبہ پلاٹینیم میڈل لانے کے مطالبے پر ردعمل سامنے آگیا۔ نجی ٹی وی دنیا نیوز کے پروگرام میں میزبان نے اس حوالے سے سوال کیا جس کے جواب میں نوح دستگیر بٹ نے کہا کہ ’ اس وقت سوچ رہے تھے کہ جس ملک کا وزیر اعظم پلاٹینیم میڈل کی بات کررہا ہے تو وہ اور کیا کرسکتے ہیں، پلاٹینیم میڈل ہے نہیں اولمپکس میں، ان کا مزید کہنا تھا کہ پب جی میں پلاٹینیم میڈل ہوتا ہے تو ہم سوچ رہے تھے کہ وہاں چلے جاتے ہیں‘‘۔

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کامن ویلتھ گیمز میں میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کے اعزاز میں تقریب ہوئی جس میں وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام ڈپارٹمنٹس کو بحال کررہے ہیں تاکہ کھلاڑیوں کو بہتر مواقع ملیں اور وہ ملک کا نام روشن کرسکیں،ہم ایتھلیٹس کی انعامی رقم میں بھی اضافہ کریں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ کھلاڑیوں نے محنت کرکے پاکستان کا نام روشن کیا اور سبز ہلالی جھنڈے کو بھی بلندی پر پہنچایا یہ کامیابی ان کھلاڑیوں کے والدین کی دعاؤں اور کوچز کی محنت کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنہوں نے برونز میڈل جیتا ہے ان سے امید ہے آئندہ گولڈ میڈل حاصل کریں گے اور جس کھلاڑی نے گولڈ میڈل جیتے ہیں وہ آئندہ پلاٹینیم میڈل لیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ آپ پوری قوم کے ہیرو ہیں اگر محنت کی جائے تو وہ رائیگاں نہیں جاتی ہے پوری قوم آپ کو شاباش پیش کررہی ہے اور 22 کروڑ عوام آپ کو عزت اور تحسین کی نگاہ سے دیکھ رہے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ میں آپ کو سپورٹ کروں گا اسی طریقے سے مزید آگے بڑھیں یہ قوم کے ہونہار بچے ہیں شاید ان کا تعلق امیر گھرانوں سے نہیں مگر یہ عظیم پاکستانی ہیں۔ بلوچستان، سندھ اور جنوبی پنجاب میں سیلابی صورتحال پر انہوں نے کہا کہ بارشوں نے ہرطرف تباہی مچادی ہے اس سیلاب سے لاکھوں اور کروڑوں لوگ متاثر ہوئے ہیں سیلابی صورتحال سے تقریباً 900 لوگ جاں بحق ہوگئے ہیں ہم سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے لئے اقدامات کررہے ہیں۔
وقت اشاعت : 12/09/2022 - 12:32:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :