ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست جاری

آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں مختلف ٹیموں کے بلے بازوں اور بولرز کی کارکردگی نمایاں رہی پہلے ورلڈکپ میں تمام ٹیموں کے بولرز کے سامنے پاکستان کے عمر گل نے سب سے زیادہ وکٹیں لیں

پیر 10 اکتوبر 2022 17:01

ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست جاری
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2022ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اب تک ہونے والی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست جاری کر دی ۔آئی سی سی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں مختلف ٹیموں کے بلے بازوں اور بولرز کی کارکردگی نمایاں رہی اور اب ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے آغاز سے قبل آئی سی سی نے ایونٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولرز کی فہرست جاری کی۔

2007ء میں ٹی ٹونٹی کا پہلا ورلڈکپ تھا جو جنوبی افریقہ میں کھیلا گیا جس میں بھارت نے فائنل میں پاکستان کو شکست دے کر فتح حاصل کی۔2007ء کے ورلڈکپ میں تمام ٹیموں کے بولرز کے سامنے پاکستان کے عمر گل نے سب سے زیادہ وکٹیں لیں۔انہوں نے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں مجموعی طور پر 13وکٹیں حاصل کیں اور اس ورلڈکپ میں ان کی بہترین کارکردگی نیوزی لینڈ کے خلاف 15رنز کے عوض تین وکٹیں تھیں۔

(جاری ہے)

2007ء کے بعد 2009ء کے ورلڈکپ میں بھی عمر گل نے غیر معمولی کارکردگی دکھائی اور اپنی شاندار بولنگ سے ایک بار پھر لیڈنگ وکٹ ٹیکر بنے۔عمر گل نے اس ورلڈکپ میں بھی 13وکٹیں لیں جب کہ ان کے قریب سری لنکا کے مینڈس، ملنگا اور پاکستان کے سعید اجمل رہے جنہوں نے ایونٹ میں 12،12وکٹیں لیں۔عمر گل نے نیوزی لینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے کیرئیر بیسٹ 6 رنز دے کر 5وکٹیں لیں۔

پاکستان نے 2009ء میں سری لنکا کو شکست دیکر کپ اپنے نام کیا جبکہ فائنل میں عمر گل صرف ایک وکٹ لے سکے۔اسکے بعد ورلڈکپ 2010میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز آسٹریلیا کے ڈرک نینیس کے نام رہا جنہوں نے ایونٹ میں 14 وکٹیں اپنے نام کیں۔2012ء کے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں سب سے زیادہ وکٹیں سری لنکا کے اجنتا مینڈس نے لیں جن کی وکٹس کا نمبر 15رہا۔اس ورلڈکپ کا فائنل سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان کھیلا گیا جس میں مینڈس نے 12 رنز دے کر 4 وکٹیں لیں جس میں انہوں نے کرس گیل، براوو، پولارڈ اور رسل کو پویلین بھیجا تاہم فائنل میں ویسٹ انڈیز نے سری لنکا کو شکست دے کر پہلی بار ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ جیتا۔

ورلڈکپ 2014ء میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا اعزاز مشترکہ طور پر دو بولرز کے حصے میں آیا جن میں جنوبی افریقا کے عمران طاہر اور نیدرلینڈز کے احسن ملک تھے جنہوں نے ایونٹ میں 12،12 وکٹیں اپنے نام کیں۔احسن ملک نے جنوبی افریقا کے خلاف میچ میں 5 وکٹیں حاصل کیں جب کہ عمران طاہر نے نیدرلینڈز کے خلاف 4 وکٹیں لیں۔2016ء کے ورلڈکپ میں افغانستان کے محمد نبی متاثر کن بولر رہے جنہوں نے ایونٹ میں 12 وکٹیں لیں جب کہ ان کے ساتھی راشد خان 11 وکٹیں لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔2021ء کے ورلڈکپ میں سری لنکا کے ونندو ہسارانگا 16 وکٹیں لے کر سرفہرست رہے۔انہوں نے آسٹریلیا، جنوبی افریقا اور انگلینڈ کے خلاف شاندار کارکردگی دکھائی جس میں انہوں نے وکٹوں کی ہیٹ ٹرک بھی کی۔
وقت اشاعت : 10/10/2022 - 17:01:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :